عام انتخابات میں ٹرن آئوٹ بڑھانے کے لئے الیکشن کمیشن کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری

پولنگ کے روز اصل شناختی کارڈ ہمراہ لانالازمی، ووٹر فہرستوں میں ووٹرز کی تصاویر بھی ہوں گی، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی قومی اسمبلی کیلئے سبز، صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہوں گے ووٹرز 8300 پر اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنے ووٹ کی تصدیق اور شماریاتی بلاک کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں

جمعہ 20 جولائی 2018 13:57

عام انتخابات میں ٹرن آئوٹ بڑھانے کے لئے الیکشن کمیشن کی پرنٹ اور الیکٹرانک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ووٹروں کیلئے رہنما اصول بھی جاری کئے ہیں جن کے مطابق پولنگ کے روز اصل شناختی کارڈ ہمراہ لانالازمی قرار دیا گیا ہے، پولنگ کے اوقات صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کئے گئے ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملہ کے پاس موجود ووٹر فہرستوں میں ووٹرز کی تصاویر بھی ہوں گی، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ قومی اسمبلی کیلئے سبز بیلٹ پیپر جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کیلئے سفید بیلٹ پیپرز ہوں گے۔

(جاری ہے)

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے الگ الگ بیلٹ باکس پولنگ سٹیشنوں اور بوتھ پر رکھے جائیں گے۔

ہر پولنگ سٹیشن پر 4 فوجی اہلکار تعینات ہوں گے جن میں سے 2 پولنگ سٹیشن کے اندر فرائض سرانجام دیں گے، حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں، پولنگ کے سامان اور بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی جاری ہے، نتائج کی بروقت ترسیل کیلئے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے پولنگ کا عملہ اپنے موبائل فون میں ایپلیکیشن کے ذریعے نتائج براہ راست الیکشن کمیشن کو ارسال کر سکے گا۔

ووٹرز 8300 پر اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنے ووٹ کی تصدیق اور شماریاتی بلاک کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کے اجراء سے قبل خواتین کی زیادہ سے زیادہ انتخابی عمل میں شرکت یقینی بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے۔ انہیں نادرا کی جانب سے مفت شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ انتخابی قانون 2017ء میں 5 فیصد عمومی نشستوں پر ٹکٹ خواتین کو دینا لازمی قرار دیا گیا تھاجس کے بعد ایک بڑی تعداد میں خواتین بھی انتخابی عمل میں شریک ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھر پور آگاہی مہم جاری ہے جبکہ پرائیوی-ٹ ٹی وی چینلز کی جانب سے رضاکارانہ طور پر اشتہارات بھی چلائے جارہے ہیں کہ ووٹرز زیادہ سے زیادہ اپنا ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔