سول ایوی ایشن اور شاہین ایئر لائن کے درمیان واجباتی تنازع شدت اختیار کر گیا

سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر کی 2 پروازوں کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا اقدام سندھ ہائی کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ‘ہم نے ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا ہے‘ترجمان شاہین ایئر لائن ذوہیب حسن

جمعہ 20 جولائی 2018 15:04

سول ایوی ایشن اور شاہین ایئر لائن کے درمیان واجباتی تنازع شدت اختیار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) اور شاہین ایئر انٹرنیشنل (سی اے آئی) کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کا تنازع شدت اختیار کرگیا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے شاہین ایئر انٹرنیشنل (سی اے آئی) کی بیرونِ ملک جانے والی 2 پروازیں روک دیں ہیں۔ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 2 پروازوں کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر روکا‘جس میں سے ایک این ایل 768، لاہور سے مسقط جبکہ دوسری پرواز این ایل892 لاہور سے کینٹن کیلئے اڑان بھرنے والی تھی۔

جمعہ کو ترجمان شاہین ایئر انٹرنیشنل ذوہیب حسن نے اپنے ایک بیان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سندھ ہائی کورٹ کے دیے گئے فیصلے کی خلاف ورزی ہے‘سندھ ہائی کورٹ نے شاہین ایئر انٹرنیشنل کی جانب سے ہر 10دن بعد ایک کروڑ روپے کی ادائیگی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) کو پروازیں نہ روکنے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر نے ادائیگی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن(سی اے اے ) پرویز جارج کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر کی جانب سے واجبات ادا نہیں کیے جارہے جبکہ وہ سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کو غلط طور پر بیان کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا کہ سوائے سعودی عرب کے شاہین ایئرانٹرنیشنل کی بیرونِ ملک جانے والی تمام پروازوں کو روک دیا جائیگا جبکہ ملک کے اندر شاہین ایئر کا فلائٹ آپریشن اس سے متاثر نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ شاہین ایئر انٹرنیشل کی جانب سے واجبات کی ادائیگی نہیں کی جارہی جس کے باعث ان کی سعودی عرب جانے والی پرواز کے علاوہ بیرونِ ملک جانے والی تمام پروازیں 16 جولائی کے بعد سے روک دی جائیں گی۔اس ضمن میں شاہین ایئر انٹرنیشنل نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ اگر وہ قسطوں کی صورت میں واجبات کی ادائیگی جاری رکھیں تو ان کی پروازیں نہ روکی جائیں۔