مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہائوس منتقلی عارضی طور پر موخر کر دی گئی

جمعہ 20 جولائی 2018 15:47

مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہائوس منتقلی عارضی طور پر موخر ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہائوس منتقلی عارضی طور پر موخر کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہائوس منتقلی عارضی طور پر موخر کیے جانے کے بعد ریسٹ ہائوس پر تعینات رینجرز اور پولیس کی نفری کو عارضی طور پر ہٹا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پمز سے آنے والی میڈیکل ٹیم بھی واپس چلی گئی ۔مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے منتقلی موخر کرنے کا فیصلہ ریسٹ ہائوس میں جیل حکام اور اسلام آباد پولیس کی رات گئے میٹنگ کے بعد کیا گیا ،ْاس سے قبل لندن سے لاہور آمد پر گرفتاری کے بعد مریم نواز نے باپ کو جیل بھیجے جانے اور خود کو سہالہ ریسٹ ہائوس میں پہنچائے جانے کی سختی سے مخالفت کی اور سرکاری حکام پر واضح کیا کہ وہ اپنے باپ کو اکیلے اڈیالہ جیل میں رکھنے اور خود سہالہ پولیس ٹریننگ کالج ریسٹ ہائوس میں نہیں جا سکتیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق مریم نواز کی جیل سے ریسٹ ہا ئو س منتقلی کا فیصلہ سیکورٹی خدشات کے باعث کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی کو سزا سنائی تھی۔نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔