فنڈز اورضروری وسائل کی فراہمی میں ناکامی سے پائیدار ار ترقی کے اہداف میں سے کچھ پر عملدرآمد میں پیش رفت متاثر ہوئی ہے ، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر کا عالمی ادارہ کی اکنامک اینڈ سوشل کونسل کے اعلی سطحی سیاسی فورم میں خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 16:00

فنڈز اورضروری وسائل کی فراہمی میں ناکامی سے پائیدار ار ترقی کے اہداف ..
نیویارک ۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان نے کہا ہے کہ عا لمی سطح پر کافی فنڈز اورضروری وسائل متحرک کرنے میں ناکامی سے پائیدار ار ترقی کے اہداف میں سے کچھ پر عملدرآمد میں پیش رفت متاثر ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے تمام اہداف پر مساوی توجہ دیئے جانے کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے عالمی ادارہ کی اکنامک اینڈ سوشل کونسل ( ای سی او ایس او سی ) میں منعقدہ اعلی سطحی سیاسی فورم میں بتایا کہ اب جب کہ دنیا بھر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی آئی ہے اور گذشتہ سال بھی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں23 فی صد کمی ہوئی۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی ایجنڈا برائے 2030 کے لئے رقوم کی فراہمی کے سلسلہ میں اعلی سطحی اجلاس طلب کرنے کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوئیترش کے اعلا ن کا خیر مقدم کیا ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ملیحہ لودھی نے تمام پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو ہر صورت میں یقینی بنائیں کہ تمام ترقیاتی اہداف پر یکساں توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اہداف سے ترقی یافتہ اور غیر ترقی یافتہ ممالک میں عوام کے مسائل حل ہوتے اور ضروریات پوری ہوتی ہیں اس لئے کوئی بھی ملک اہدا ف پورے کرنے میں پیچھے نہیں رہنا چاہیئے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مختلف اہداف کے بارے میں پیشرفت اور پاکستان میں کئے جانے والے اب تک کے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا ۔