پاکستانی اوپنرز نے پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا

فخر زمان، امام الحق کی شاندار سنچریاں، میزبان ٹیم کے بولر اوپننگ بلے بازوں کے سامنے بے بس

جمعہ 20 جولائی 2018 15:26

پاکستانی اوپنرز نے پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا
بلاوائیو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی 2018 ء) پاکستان کے اوپنرز نے زمبابوے کے خلاف پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔کوئنز سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سینتھ جے سوریا اور تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں انگلینڈ کے خلاف جون 2006 ءمیں 286 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے سابق اوپنر عمران فرحت اور محمد حفیظ نے بھی زمبابوے کے ہی خلاف ستمبر 2011ءمیں پہلی وکٹ پر 228 رنز کی شراکت قائم کی تھی تاہم اب پاکستان کو پہلی وکٹ پر طویل ترین پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ حاصل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور گراﺅنڈ کے چاروں اطراف دلکش سٹروکس کھیلے۔فخر زمان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی جب کہ امام الحق نے بھی 6 چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 113 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ زمبابوے کے خلاف گرین شرٹس کو پہلے ہی سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان سرفراز احمد کو فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہیں۔میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی جو کھلاڑی اب تک نہیں کھیلے انہیں موقع دیا جائے گا۔