رائو انوار کی غیرقانونی اسلحہ کیس میں بھی ضمانت منظور

رائو انوار پروٹوکول کے ساتھ پیش ہوتا ہے لیکن عدالت نے ہمارے احتجاج پر توجہ نہیں دی، رائو انوار کو ایک دن بھی مجرم نہیں سمجھا گیا، صلاح الدین ایڈووکیٹ

جمعہ 20 جولائی 2018 16:17

رائو انوار کی غیرقانونی اسلحہ کیس میں بھی ضمانت منظور
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے ملزم رائو انوار کی غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی ضمانت منظور کرلی ہے۔جمعہ کوکراچی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں غیر قانونی اسلحہ کیس میں نقیب اللہ قتل کیس کے ملزم رائو انوار کی درخواست ضمانت سے متعلق سماعت ہوئی جس میں عدالت نے رائو انوار کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی کی عدالت ایک مقدمے میں پہلے ہی رائو انوار کی ضمانت منظور کر چکی ہے۔ سابق ایس ایس پی ملیر پر دوسرا کیس غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کا تھا۔ وکیل صلاح الدین نے کہا ہے ہم نے عدالت کو تحریری طور پرآگاہ کر دیا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے تک عدالتی کارروائی سے الگ رہیں گے، ہمیں انسداد دہشت گردی کورٹ پر اعتماد نہیں ہے۔وکیل صلاح الدین نے کہا رائو انوار پروٹوکول کے ساتھ پیش ہوتا ہے لیکن عدالت نے ہمارے احتجاج پر توجہ نہیں دی، رائو انوار کو ایک دن بھی مجرم نہیں سمجھا گیا۔