سی پیک پرایسٹ انڈیاکمپنی کے دوسرے روپ کا تاثر غلط ہے، معین الدین حیدر

سی پیک بزنس فورم کے زیراہتمام محمداویس،شیخ ہمایوں سعید،غلام رسول بلوچ،ڈاکٹر شیرعلی رضوی،مسز غزالہ ہمایوں اور دیگر کا خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 16:29

سی پیک پرایسٹ انڈیاکمپنی کے دوسرے روپ کا تاثر غلط ہے، معین الدین حیدر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) سابق گورنرسندھ معین الدین حیدرنے کہا ہے کہ سی پیک پرایسٹ انڈیاکمپنی کے دوسرے روپ کا تاثر غلط ہے، وہ دور چلاگیاکہ کوئی ہمیں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر غلام بنالے، سی پیک پاکستان کے حق میں اچھا ہے، سی پیک کو عوام کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے حکومت کو جتنی محنت کرنی چاہیئے تھی وہ نہ کی گئی، تاہم سی پیک جیسے مضبوط منصوبے سے پاکستانی معیشت میں جان پڑے گی، روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہاربدھ کومقامی ہوٹل میں سی پیک بزنس فورم کی جانب سے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک)پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرجسکا اہتمام ایس ایم ایچ انٹرنیشنل پی آر اینڈ ایونٹس نے کیا تھا۔سیمینار سے یو اے ای میں پاکستان کے سابق سفیرجمیل احمدخان،محمداویس،شیخ ہمایوں سعید، گوادرچیمبرکے محمدعزیرارشد،Wang Zihai،غلام رسول بلوچ،ڈاکٹر شیرعلی رضوی،مسز غزالہ ہمایوں اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ شیخ محمدہمایوں،مسٹر وین زی،ثاقب فیاض مگوں،خرم اعجازشبیرمنشاچھرا،سلطان رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معین الدین حیدرنے کہا کہ جو ملک خسارے میں جارہا ہو،غیرضروری امپورٹس ہوں، جوملک معاشی طور پر ڈوب رہا ہو وہاں چین وہ واحد ملک ہے جو60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان لایا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج ٹی وی چینلوں پر فضولیات کی بھرمار ہے، چار لوگوں کو بیٹھا کر آپس میں جھگڑے کرائے جاتے ہیں اس سے بہتر ہے کہ قوم کو سی پیک کے بارے میں بتایا جائے۔

چیئرمین چائنافیئر۔پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس zihai wang نے کہا کہ سی پیک چائنا پاکستان دوستی کا ثمر ہے، اس سے نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ سینٹرل ایشیائی ممالک،یورپ،رشیا کو بھی فائدہ ہوگا۔جمیل احمد خان نے کہا کہ چائنا اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہوگا، گوادر بہترین محل وقوع ہے، سی پیک سے پاکستان کے ہزاروں افراد کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر،چیئرمین ہمارا پاکستان سوشل فورم ہمایوں سعیدنے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگاورپاکستان کی ترقی کا زینہ بنے گا۔ محمداویس نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کی اکنامی کو ترقی ملے گی۔انہوں نے سی پیک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔گوادرچیمبر کیمحمدعزیرارشد نے کہا کہ گواد میں 3لاکھ گیلن روزانہ پانی کی فراہمی کی2 پلانٹ لگ رہے ہیں جنکا آغاز ستمبر2018 میں ہوگا۔

مسز غزالہ ہمایوں نے کہا کہ مجھے سو فیصد یقین ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبہ ہمارے ملک کی تقدیر سنوارے گا،چین کے لوگ زبان کے پکے اور سنجیدہ لوگ ہیں اور وہ اس منصوبے میلئے تمام شاہراہوں کو خود ہی ڈیولپ کریں گے اس لئے ہمیں اس منصوبے کیلئے کسی قسم کے شبہات رکھنے نہیں چاہئیں۔ڈاکٹر شیرعلی رضوی نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چائنا کے عوام کا منصوبہ ہے کسی سیاسی جماعت کا نہیں اس لئے اس منصوبے کو سیاسی مفادات اور تنازعات سے پاک رکھا جائے۔