Live Updates

نگراں پنجاب حکومت پی ٹی آئی کےاشاروں پرناچ رہی،شہبازشریف

الیکشن کمیشن خاموش تماشائی ،نیب کی کاروائیاں ہمارے خلاف ہیں، پیمرا نے ٹی وی چینلز پرپابندی لگائی، شفاف الیکشن ہوئے تو ن لیگ حکومت بنائے گی، عمران خان کے جلسے فلاپ ہورہے، خیبرپختونخواہ کےعوام جھوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ بلورہاؤس آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 جولائی 2018 15:54

نگراں پنجاب حکومت پی ٹی آئی کےاشاروں پرناچ رہی،شہبازشریف
پشاور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جولائی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت پی ٹی آئی کے احکامات مان رہی ہے، الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے، نیب کی کاروائیاں ہمارے لیے ہیں، پیمرا نے کوریج روکنے کیلئے ٹی وی چینلز پرپابندی لگائی، شفاف الیکشن ہوئے تون لیگ حکومت بنائے گی،عمران خان کے جلسے فلاپ ہورہے،خیبرپختونخواہ کے عوام جھوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے آج یہاں بلورہاؤس آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلورخاندان کی جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں ہیں۔شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن کا قیام پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شرط اول ہے۔امن کے بغیرپاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ہمیں دہشتگردی اور نتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جانا ہوگا۔افواج پاکستان کے ساتھ ہرشہری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کی ہے۔

امن قائم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔شہبازشریف نے کہا کہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چار سال لاہور میٹرو کے خلاف جنگلہ بس کا پروپیگنڈہ کیا اور پانچویں سال پشاور میں خود میٹرو بس بنانا شروع کر دی۔ لاہور میٹروپراجیکٹ  27 کلومیٹر ہے اور وہ  30 ارب رو پے میں بنا لیکن پشاور میٹرو 26کلومیٹر ہے جس کا تخمینہ 68 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس کا  ٹھیکہ بھی ایک بلیک لسٹ کمپنی کودے کر فراڈ کیا گیا ۔

کیا نیب کو یہ فراڈ نظر نہیں آتا؟میں پشاور ہائی کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جھوٹے خان کا پردہ فاش کیا۔کے پی کے غیور عوام اب جھوٹ برداشت نہیں کریں گے، میں پوچھتا ہوں اب نیب کہاں ہے؟ پنجاب میں ہم جھاڑو بھی خریدیں تو انکوائری شروع ہو جاتی ہے۔ اگر نیب کو مسلم لیگ ن سے فرصت ہوتی تو اس فراڈ کا نوٹس لیتا۔ اگر ایسا فراڈ پنجاب میں ہوتا تو یہ ہمیں کالے پانی بھیج دیتے۔

لاڈلے کی اتنی بڑی ڈکیتی پکڑی گئی اس کو کوئی بلاتا نہیں۔ لیکن اگر اللہ نے موقع دیا تو یہ منصوبہ ہم مکمل کرکے دکھائیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سارے کرپٹ لاڈلے کی پارٹی میں پہنچ گئے ہیں لیکن عوام کی اکثریت مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے اور اگر کسی نے ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو ملک کیلئے اچھا نہیں ہو گا۔ اگر خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے موقع دیا تو کے پی کو پنجاب کے برابر لائیں گے۔

ہم مرکز سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے، امیر مقام یہاں کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ ایک طرف نیو کلیئر طاقت ہیں دوسری طرف بھکاری نہیں ہو سکتے۔اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کے برابر لائیں گے۔ہم تعلیم اورصحت سمیت ہر میدان میں بھارت کو شکست دیں گی۔مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو تمام سازششیں دم توڑ جائیں گی۔

ہم ووٹر کی عزت اور ووٹ کا احترام چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فئیر انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے۔ترقی کے لیے شفاف الیکشن ناگزیر ہے۔۔ نیشنل ایجنڈا اور قومی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔ ووٹ کی عزت خدمت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، شدید بارش کے باوجود اٹک جلسے میں عوام کا سمندر تھا، راجن پور جلسہ میں بھی عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھا، دوسری جانب عمران خان کے جلسے مسلسل فلاپ ہو رہے ہیں، ان کے جلسوں میں کرسیاں تو لگائی جاتی ہیں لیکن بندہ کوئی نہیں ہوتا۔

عمران خان کو الزام خان اور بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کیونکہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں۔ میں کراچی، کوئٹہ، پشاور کو لاہور بنانے کا کہتا ہوں کیا عمران خان اس قابل ہیں کہ وہ کہہ سکیں کہ میں لاہور کو پشاور بنا دوں گا، پشاور خوشبوؤں کا شہر تھا لیکن عمران خان نے پشاور کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے،بہتان خان کہتا تھا کہ میں پشاور میں جنگلہ بس نہیں بناؤں گا بلکہ کالج، یونیورسٹی، ہسپتال بناؤں گا تاہم وہاں نہ کالج بنے، نہ ہسپتال بنے، نہ یونیورسٹی بنی اور میٹرو بس پر تنقید کرتے رہنے کے عادی شخص نے پشاور کی عوام کو میٹرو بس کے نام پر 70ارب روپے کے کھڈے دیے۔

جب ہم نے پنجاب میں ہسپتال بنائے تو عمران خان نے پشاور کے ایک پرائیوٹ ہسپتال کا جعلی اشتہار چلا دیا۔  مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہاگر ہمیں دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے تو ووٹ کی پرچی کو عزت دینی ہوگی۔ نواز شریف اسی ووٹ کی عز ت کی خاطر وطن واپس آئے۔وہ جانتے تھے کہ انہیں جیل بھیجا جائے گا اس کے باوجود وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اہلیہ کو چھوڑ کر اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ واپس آئے اور عوام نے بھی نواز شریف کا پرتباک استقبال کر کے اپنی محبت کا ثبوت دیا، یوں محسوس ہوتا تھا کہ پورا لاہور امڈ آیا ہے۔

عوام کا سمندر لاہور کی سڑکوں پرتھالیکن ایک گملاتک نہیں ٹوٹا لیکن ہمارے پر امن استقبال کے باوجود ہم پر دہشت گردی کے پرچے درج کیے گئے ہیں۔ میڈیا نے بھی دباؤ میں آکر 13جوالائی کی تاریخی ریلی کا بلیک آؤٹ کیا لیکن عالمی میڈیا جانبداری کی گواہی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تحریک انصاف کے احکامات پرعمل کررہی ہے۔نگراں پنجاب حکومت اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نہیں ہے۔

نگراں حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پرناچ رہی ہے۔ قبل ازیں پشاور ائیرپورٹ پہنچنے پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ شہباز شریف ائیرپورٹ سے سیدھا بلور ہاؤس گئے جہاں انہوں نے ہارون بلور کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ بلور خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وطن عزیز اور جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی قربانیاں قابل قدر ہیں اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان میں امن ہر قیمت پر قائم کریں گے۔ امن کے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔  اگر پاکستان میں امن نہیں ہوگا تو غربت اور بے روزگاری بھی ختم نہیں ہو سکتی۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے آخری حد تک جانا ہو گا۔ بعدازاں شہبازشریف نے مینگورہ، سوات میں ایک بہت بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس محبت کا آپ نے اظہار کیا ہے وہ ہماری فتح کا اعلان ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ 25 جولائی کو نواز شریف کے شاہین شیر پر مہریں لگائیں گے، مجھے آپ نے یہاں امیدوار بنایا ہے اس پر آپ کا شکرگزار ہوں، اگر اللہ نے موقع دیا تو سوات اور مینگورہ کا پہلا حق ہو گا،سوات،مینگورہ کو تمام سہولیات دینا میری پہلی ترجیح ہو گی،پبلک ٹرانسپورٹ عوام کا بنیادی حق ہے،میں کہتا ہوں کہ کراچی کو لاہور بنا دوں گا، پشاور کو لاہور بنا دوں گا،کیا خان تم کہہ سکتے ہو کہ لاہور کو پشاور بنا دوں گا،انہوں نے مزید کہا کہ میں پختونوں سے دل سے محبت کرتا ہوں، پنجاب میں بیٹھ کر بغیر کسی مفاد کے سوات والوں کے لیے ہسپتال بنوایا تھا، میں پہلے پختون ہوں بعد میں پنجابی ہوں،اللہ نے موقع دیا اور آپ نے ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا تو سوات کو پاکستان کا سب سے بڑا تفریحی مقام بنا دوں گا، اس کے علاوہ مالاکنڈ ڈویثرن اور سوات میں ہسپتال اور میڈیکل یونیورسٹی بھی بناؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا چھوڑ کر اپنی بیٹی مریم کے ساتھ عوام کے لئے واپس آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آپ نے آج سے قبل کبھی یہ منظر نہیں دیکھا ہو گا کہ باپ کے سامنے بیٹی اور بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا گیا ہو،ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے، جس شخص نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک کا تحفہ دیا، موٹر ویز کے جال بچھائے، زراعت، صنعتیں، ہسپتال، سکول اور کالجوں کی صورت حال کو بہتر بنا دیا اس نواز شریف کو سزا سنا دی گئی، 25جولائی کو انشاء اللہ شیر کی جیت ہو گی اور 26جولائی کا سورج مسلم لیگ (ن) کا ہو گا، ہم پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات