نہ پانی بجلی گیس، نہ روٹی کپڑا مکان ، بس ہمارے نشے سستے کر دئے جائیں ۔ ووٹر کا انوکھا مطالبہ

ووٹر نے سندھ حکومت سے منشیات کے اڈے کھولنے کا مطالبہ بھی کر دیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 جولائی 2018 16:35

نہ پانی بجلی گیس، نہ روٹی کپڑا مکان ، بس ہمارے نشے سستے کر دئے جائیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء میں 5 روز باقی ہیں۔ عام انتخابات کے پیش نظر ملک کے تمام انتخابی اُمیدوار اپنے اپنے حلقوں کا دورہ کر کے ووٹرز کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروا رہے ہیں، ایسے میں ووٹرز نے بھی الیکشن کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے انتخابی اُمیدواروں سے اپنے اپنے مطالبات کرنے اور ان مطالبات کو منوانے کا کام شروع کردیا ہے۔

یوں تو ملک میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کی سب سے بڑا مسئلہ ہے اور عوام حکمرانوں سے بجلی ، پانی، گیس ، روٹی ، کپڑا اور مکان کی فراہمی جیسے ہی مطالبات کرتی نظر آتی ہے لیکن سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ووٹر کے حکومت سے انوکھے مطالبے کو سُن کر سوشل میڈیا صارفین بھی حیران ہو گئے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں ایک ووٹرز کا کہنا تھا کہ میرا حکومت سے یہ مطالبہ ہے کہ نشے سستے کروائے جائیں، شہباز شریف نے اپنے دور میں نجمی عالم کا جو اڈہ بند کروایا تھا اسے بھی کھولا جائے۔

ویڈیو میں موجود شخص کا کہنا تھا کہ نجمی عالم کے شیریں کالونی سمیت تمام اڈے دوبارہ سے کُھلوا دئے جائیں اور مال سستا کروا دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نجمی صاحب کے اڈے کھُلوانے کا مطالبہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ہمیں سب سے اچھی منشیات اسی کے اڈے سے ملتی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو اس پر صارفین نے کئی تمسخرانہ تبصرے کیے اورکہا کہ جہاں ساری قوم کو زندگی گزارنے کی بنیادی سہولیات تک مہیا نہیں ہیں وہاں یہ صاحب حکومت سے نشے سستے کروانے اور نجمی صاحب کے اڈے کھولنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ان صاحب کا مطالبہ تمسخر اور مذاق کی حد تک تو ٹھیک ہے لیکن اگر یہ واقعی سمجھتے ہیں کہ حکومت ان کا مطالبہ مانے گی تو یہ سراسر غلط فہمی کا شکار ہیں اور اس کی وجہ یہ ہےکہ حکومت تو تاحال عوام کو بنیادی سہولیات ہی فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے، ایسے میں حکومت ایسے غیر ضروری اور متنازعہ مطالبے کو کیونکر ترجیح دے گی ؟ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: