حکومت پنجاب کا کپاس کے پیداواری مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ

جمعہ 20 جولائی 2018 17:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) حکومت پنجاب نے پیداواری مقابلہ برائے کپاس 2018-19 کا اعلان کر دیا ،مقابلوں کے کامیاب کاشتکاروں کو کروڑوںروپے کی زرعی مشینری کے انعامات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ضمن میںکپاس کے پیداواری مقابلہ جات ضلعی اور صوبائی سطح پر منعقد کئے جائیں گے۔ ترجمان نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ اس سکیم میں حصہ لینے کیلئے 3 یا 3 ایکڑ سے زائدقابل کاشت اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار، مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمینداران کے علاوہ مزارعین/ ٹھیکیداران دستاویزات کی تحصیل کمیٹی سے تصدیق کروانے کے بعد درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

کپاس کے کاشتکار 3 ایکڑ متصل فصل جس میں کوئی بھی منظور شدہ و تصدیق شدہ قسم کاشت کی ہوگی مقابلہ کیلئے پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

قومی خبر ایجنسی کو بتایا گیا کہ کاشت کی گئی فصل بین الاقومی معیار پر پورا اترتی ہو اور عالمی قوانین کی روشنی میں زہروں سے پاک اور معیاری ہو۔ اس سکیم کیلئے درخواست فارم متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

مقابلہ کیلئے درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈائون لوڈ کئے جا سکتے ہیں نیز درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ درخواست فارم 31 جولائی 2018 تک متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا زراعت آفیسر(توسیع) کے دفاتر میں جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ اس پیداواری مقابلے کے انعقاد کامقصد کپاس کے کاشتکاروں میں کپاس کی زیادہ اور صاف چنائی والی پیداوار حاصل کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :