مونگ پھلی کے پیداواری مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے 31 جولائی تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت

جمعہ 20 جولائی 2018 17:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ڈائریکٹر زراعت ضلع راولپنڈی سجاد حیدر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں مونگ پھلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے ضلعی اور صوبائی سطح پرمقابلے کروا ئے جا ئیں گے جن میںحصہ لینے کے لئے ضلع راولپنڈی کے کاشتکار مکمل درخواست فارم 31 جولائی تک جمع کرا سکتے ہیں اور مونگ پھلی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروںکو حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے کی زرعی مشینری کے انعامات دیئے جائیں گے ۔

اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3یا تین ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکاردرخواست دینے کے اہل ہوں گے اور مشترکہ کھاتہ رکھنے والے زمیندار بھی اس مقابلے میں شرکت کر سکتے ہیں نیز مزارعین /ٹھیکیداران بھی تحصیل کمیٹی کی طرف مصدقہ دستاویزات کے ساتھ درخو است دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اراکین اسمبلی، سینیٹرز ، ان کے فیملی ممبرزاور گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین درخواست دینے کے اہل نہیں ہیںجبکہ محکمہ زراعت پنجاب کے ملازمین ، ترقی دادہ کسان جو تحصیل یا ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ارکان مقرر ہوں گے ، ان مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوںگی- انہوں نے کہا کہ پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے مونگ پھلی کے کاشتکار3ایکٹر متصل فصل مونگ پھلی جس میں کوئی بھی منظو روتصدیق شدہ قسم کاشت کی گئی ہو،مقابلہ کے لئے پیش کریں۔

ڈائریکٹر زراعت سجاد حیدر نے قومی خبر ایجنسی کو بتایا کہ مقابلہ میں حصہ لینے کے لئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)اور زراعت آفیسر (توسیع ) کے دفاتر سے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pkسے ڈائون لوڈ بھی کئے جا سکتے ہیں۔