عام انتخابات، فیصل ۱ٓباد کے 645پولنگ اسٹیشنز حساس قرار،25 سوسے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کاکام جاری

جمعہ 20 جولائی 2018 17:01

عام انتخابات، فیصل ۱ٓباد کے 645پولنگ اسٹیشنز حساس قرار،25 سوسے زائد سی ..
فیصل آباد۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) فیصل ۱ٓباد میں25 جولائی کو منعقد ہونیوالے عام انتخابات کے سلسلہ میں قائم کئے گئے 3764پولنگ اسٹیشنز میں سے 645 پولنگ اسٹیشنز حساس قراردیدیئے گئے ہیں جن میں حلقہ این اے 101کے 86،حلقہ این اے 102کے 80،حلقہ این اے 103کے 66،حلقہ این اے 104کے 96،حلقہ این اے 105کے 45،حلقہ این اے 106کے 81،حلقہ این اے 107کے 60،حلقہ این اے 108کی55،حلقہ این اے 109کے 36اورحلقہ این اے 110کے 40پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں جہاںکیمروں کو فعال رکھنے کیلئے اتنی ہی تعداد میں سٹاف تعینات کیا جائیگا،نیز حفاظتی وانتظامی امور کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے ان حساس پولنگ سٹیشنز پر 2500 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کاکام جاری ہے جو23 جولائی تک مکمل کرلیا جائے گاجبکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے براہ راست مانیٹرنگ کیلئے مختلف علاقوں کے 35 حساس پولنگ اسٹیشنز کو منتخب کرلیاہے جہاں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کا لنک ہوم ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول روم سے منسلک کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد سید احمد فواد نے ضروری سہولیات وانتظامات کاجائزہ لینے کیلئے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔اس موقع پرایڈمن آفیسر ڈی سی آفس ریاض انجم ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر حساس پولنگ اسٹیشنز کو چیک کرتے ہوئے وہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کام کامعائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے یہ ٹاسک بروقت مکمل اور اس ضمن میں تکنیکی وفنی پہلوئوں کا خیال رکھاجائے تاکہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی مختلف زاویوں سے کوریج ہوسکے۔

انہوں نے پولنگ کے عمل اور سکیورٹی انتظامات کی کڑی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کا بہترین معیار اور ریکارڈنگ کویقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیمروں کے لئے بجلی کی سپلائی کے لئے متبادل انتظام بھی فعال رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے براہ راست مانیٹرنگ کیلئے مختلف علاقوں کے 35پولنگ اسٹیشنز کو منتخب کیا گیا ہے جن کے سی سی ٹی وی کیمروں کا لنک ہوم ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول روم سے منسلک کیا جائیگا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پرامن،شفاف اورآزادانہ انتخابات کیلئے وسائل کی فراہمی میں بھرپور معاونت کررہی ہے اور اس ضمن میں پولنگ اسٹیشنز پر لائٹنگ ،پانی کی فراہمی،ٹائلٹس کے انتظامات سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔