چمن :سکیورٹی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ، 5 افراد زخمی ، 10 دکانیں ،12 گاڑیوں کو جزوی نقصان

جمعہ 20 جولائی 2018 17:58

چمن :سکیورٹی کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ، 5 افراد زخمی ، 10 دکانیں ..
چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) چمن میں مال روڈ پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے سول ہسپتال چمن منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز چمن کے مال روڈ پر اس وقت موٹر سائیکل نصب ریموٹ بم دھماکہ کیا گیا جب وہاں سے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی پٹرولنگ کرتے ہوئے گزر رہی تھی اس واقعے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے چمن سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

واقعہ میں دس دکانوں کو شدید جزوی نقصان پہنچا جبکہ بارہ سے زائد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ واضح رہے کہ دہشتگردی کا ہائی الرٹ چمن میں صبح سے جاری کیا گیا تھا اور اس ضمن میں عوامی نیشنل پارٹی کا چمن میں ہونے والا جلسہ بھی منسوخ کیا گیا تھا ۔ واقعے کے بعد ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سر چ آپریشن کیا ۔ ۔