روسی صدر پیوٹن کا یوکرین اور جارجیا کے ساتھ قریبی تعلقات بنانے بارے نیٹو کو انتباہ

جمعہ 20 جولائی 2018 18:53

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین اور جارجیا کے ساتھ قریبی تعلقات بنانے کے بارے میں نیٹو کو خبردار کیا ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے جمعہ کو کہا کہ شمالی معاہدہ اوقیانوس (نیٹو) کی یہ پالیسی غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس کے لئے انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے ماسکو میں روسی سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں اعتماد کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ پوتن نے روسی سرحد کے قریب فوجی اڈوں کو قائم کرنے کے لئے نیٹو کی کوششوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کی طرف سے اس طرح کے جارحانہ اقدام روسی کے لئے ایک سنگین خطرہ ہیں، جس کا ہم مناسب جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوکرین اور جارجیا دونوں ہی ممالک کی سرحد روس سے متصل ہیں جس کے باعث روس چاہتا ہے کہ دونوں ملک نیٹو میں شامل نہ ہوں کیوں کہ نیٹو ایک یرغمال بنانے والی فوجی تنظیم ہے۔

روسی صدر نے کہا ہے کہ انہوں نے پیر کو فن لینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ سربراہ ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھایا تھا۔واضح رہے کہ روس کی فوج نے 2008 میں دو جارجیائی علاقوں میں داخل ہونے کے بعد 2014 میں یوکرین کے کریمیا پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد مشرقی یوکرین میں روسی حامی علیحدگی پسند بغاوت شروع ہوئی تھی۔