ترکی یہودی قومی مملکت کی تشریح کو ہر گز قبول نہیں کرے گا

جمعہ 20 جولائی 2018 18:53

استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے نے کہاہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں منظور کردہ یہودی قومی سرکاری ڈھانچے کو جمہوریہ ترکی کی جانب سے قبول کیا جانا ناممکن ہے ، القدس فلسطین کا دارالحکومت ہے اور اس کی یہ خصوصیت برقرار رہے گی۔

(جاری ہے)

ترک نشریاتی ادارے کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلان میں ترک نائب صدر اوکتائے نے اسرائیل میں منظور کردہ 'یہودی قومی مملکت' قانون کے حوالے سے اپنے جائزے پیش کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ "بنیادی حقوق و آزادی کو نظر انداز کرنے والی اسرائیلی پارلیمنٹ نے 'یہودی قومی مملکت قانون' کے نام سے کائناتی اصولوں کو مسنح کیا ہے۔ اس قسم کا ایک قانون جمہوریہ ترکی ہر گز قبول نہیں کرے گا۔ القدس فلسطین کا دارالحکومت ہے اور یہ اس کا دارالحکومت ہی رہے گا۔