مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ پاکستانی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی کامیابی ہے، دنیا اب جاگ اٹھی ہے،

مقبوضہ کشمیر میں آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ کے تحت طاقت کے بے دریغ استعمال،مواصلات اور انٹر نیٹ کی تعطلی جیسے کالے قوانین کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی میڈیا نے یو این ایچ آر سی کی رپورٹ کو بے بنیاد ثابت کرنے کیلئے پروپیگنڈے شروع کر دیئے ہیں ْترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 19:01

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ پاکستانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ پاکستانی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی کامیابی ہے،دنیا اب جاگ اٹھی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹس(اے ایف ایس پی ای)طاقت کے بے دریغ استعمال،مواصلات اور انٹر نیٹ کی تعطلی جیسے کالے قوانین کی مذمت کرتے ہیں۔

جمعہ کو یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام’’استصواب رائے اور کشمیر سے متعلق عالمی تحقیق‘‘کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ او آئی سی اور یورپین یونین کے وفود آذاد جموں و کشمیر کا دورہ کررہے ہیں،ہمارے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آنپہچا ہے کہ عالمی برادری اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے اپنے تسلط کو ختم کرے۔

(جاری ہے)

ہیومن رائٹس کونسل جینوا میں پاکستان کے سابق مسقل مندوب ضمیر اکرم نے کہا کہ 1957کے بعد اقوام متحدہ نے کشمیر کے معاملے کو نظر انداز کر دیا ہے لیکن ہیومن رائٹس کمشنر کے دفتر نے حوصلہ کر کے رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا مکمل احترام کرے۔یو این ایچ آر سی میں کشمیری وفد کے سربراہ الطاف حسین وانی نے اس موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں 13سے زائد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ بھارت نے رپورٹ سے انکار کیا ہے اور اب بھارتی میڈیا نے رپورٹ کو بے بنیاد ثابت کرنے کیلئے پروپیگنڈے شروع کر دیئے ہیں۔