لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی کا مارننگ شفٹ کی نشستوں میں اضافے کا اعلان،

ایوننگ شفٹ بھی شروع کرنیکا فیصلہ مارننگ میں فسٹ ائیر کی 150نشستیں بڑھائی ہیں،500 سیٹوں کیساتھ ایوننگ شفٹ شروع کررہے ہیں، میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا، وائس چانسلر لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظور

جمعہ 20 جولائی 2018 19:15

لاہور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) فسٹ ایئرمیں داخلہ لینی والی طالبا ت کیلئے خوشخبری، لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی نے مارننگ سیشن کی نشستوں میں اضافہ کا اعلان کردیا جبکہ امسال ایوننگ شفٹ بھی شروع کرنیکا فیصلہ کرلیا ہے ، جن شعبہ جات میں داخلے کئے جائیں گے ان میں پری میڈیکل ،پری انجینئرنگ ،جنرل سائنس اور آرٹس گروپ ،ہوم اکنامکس اور آئی کام شامل ہیں،تمام داخلے اوپن میرٹ پر ہونگے تاہم فائن آرٹس انگلش لٹریچر کی طالبات کو 6 اور7 اگست کو ٹیسٹ دینا ہوگا، سپورٹس ، معذوربچیوں اور حافظہ قرآن کیلئے انٹرویو7 اگست سی9 اگست تک ہوں گے، قائمقام وائس چانسلر لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظورنے اے پی پی کوبتایا کہ ہر سال زیادہ نمبرز لینے کے باوجود سینکڑوں بچیاں داخلوں سے محروم ہوجاتی تھیں لیکن امسال لاہور کالج نے فسٹ ائیر کی 150نشستوں میں اضافہ کا اعلان کیا ہے جبکہ500 سیٹوں کیساتھ ایوننگ شفٹ بھی شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے، مارننگ کا میرٹ کم ہوتا ہے جبکہ ایوننگ میں قدرے کم میرٹ ہو تا ہے، انہوںنے بتایا کہ مارننگ شفٹ کی سیٹوں میں اضافہ اور ایوننگ شفٹ شروع کرنے سے ذہین اور زیادہ نمبرز لینے والی سینکڑوں طالبات کو داخلہ مل جائے اور دوسری طرف کالج کے ریونیومیں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا، انہوںنے بتایا کہ سینئر پروفیسرز پر مشتمل ایڈمیشن کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے جوداخلہ پالیسی کے مطابق تمام ایڈمیشن میرٹ پر کرنے کی پابندہوگی، میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا، انہوںنے بتایا کہ جن شعبہ جات میں داخلے کئے جائیں گے وہاں کی میرٹ لسٹیں متعلقہ ڈینز، پرنسپل،چیئرمین کے توسط سے بورڈ پر آویزاں کی جائیں گیں اور شیڈول کے مطابق پہلی ،دوسری اور تیسری میرٹ لسٹ لگائی جائیگی، انہوں نے بتایا کہ نئی داخلہ لینے والی طالبات سے سیاست سے دوری اورقانونی کی پاسداری کے حوالے سے ایک حلف نامہ بھی لیا جائیگا،جس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ فسٹ ائیر میں داخلوں کے حوالے سے کسی قسم کی شکایا ت کے ازالے کیلئے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کسی بھی طالبہ کیساتھ داخلوں میں شکایات پر فوری فیصلہ کریگی، انہوں نے بتایا کہ لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی میںداخلوں کیلئے پراسپیکٹس/داخلہ فارم کالج سے صبح8 سے لیکرشام 3 بجے تک دستیاب ہونگے، داخلے پری میڈیکل، پری انجینئرنگ،آرٹس اور جنرل سائنس گروپ میں ہونگے، ڈاکٹر فرخندہ منظورنے بتایاکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ائیر کے داخلے پیر23 جولائی سے شروع ہونگے اورداخلہ فارم 3 اگست تک فراہم اور وصول کئے جائیں گے، وائس چانسلر نے بتایاکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی قابل اور ذہین طالبات کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی ہے اور میرٹ پر آنے والی ہر طالبہ کو داخلہ دیںگے، اس مقصد کیلئے یونیورسٹی نے ایک خطیر رقم سکالر شپ اور مالی اعانت کیلئے مخصوص کی ہے ، داخلہ فارم کے ساتھ میٹرک کے رزلٹ کارڈ کے علاوہ ، دو تصاویر،کریکٹر سرٹیفکیٹ، شناختی کارڈ یا ب فارم کی کاپی، والد یا والدہ کے شناختی کارڈ کی کاپی اوروالد یا سرپرست کی آمدنی کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا، پہلی میرٹ لسٹ7 اگست کو لگائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :