فخر زمان اور امام الحق کی شاندار بیٹنگ، ون ڈے کرکٹ میں پہلی وکٹ کی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

جمعہ 20 جولائی 2018 19:15

فخر زمان اور امام الحق کی شاندار بیٹنگ، ون ڈے کرکٹ میں پہلی وکٹ کی شراکت ..
بلاوائیو۔ 20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے بازوں فخر زمان اور امام الحق نے زمبابوے کے خلاف پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اس کے علاوہ اور کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلئے، اوپننگ بلے بازوں فخر زمان اور امام الحق نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوین بائولرز کی خوب دھلائی کی اور 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ کی شراکت داری کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سنتھ جے سوریا اور اوپل تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف جون 2006ء میں 286 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کے سابق اوپنر عمران فرحت اور محمد حفیظ نے بھی زمبابوے ہی کے خلاف ستمبر 2011ء میں پہلی وکٹ پر 228 رنز کی شراکت قائم کی تھی تاہم اب پاکستان کو پہلی وکٹ پر طویل ترین شراکت داری کا نیا عالمی ریکارڈ حاصل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کوئنز سپورٹس کلب گرائونڈ پر کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ مں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا پٴْراعتماد آغاز ٹیم کو فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے میزبان ٹیم کی بائولنگ لائن کے خلاف شاندار بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

فخر زمان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے ڈبل سنچری مکمل کی۔ یہ انکے ون ڈے کیریئر کی نہ صرف تیسری سنچری ہے بلکہ انکے ون ڈے کیریئر کا بہترین انفرادی سکور بھی ہے انہوں نے 5 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 210 رنز بنائے جبکہ امام الحق نے 122 گیندوں کا سامنا کیا اور خوبصورت 8 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی انکو 113 کے انفرادی سکور پر ماساکدزا آئوٹ کیا۔ یہ انکے ون ڈے کیریئر کی تیسری سنچری ہے۔