عام انتخابات ،نادرا کا شناختی کارڈ زکی بروقت پرنٹنگ ،25جولائی سے پہلے ترسیل ممکن بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے پرنٹنگ کا عمل جاری رکھنے ،ملک بھر میں تمام نادرا آفسز کو کھلا رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 20 جولائی 2018 19:39

عام انتخابات ،نادرا کا شناختی کارڈ زکی بروقت پرنٹنگ ،25جولائی سے پہلے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) نادرا نے عام انتخابات کے پیش نظر شناختی کارڈ زکی بروقت پرنٹنگ اور 25جولائی سے پہلے ان کی ترسیل ممکن بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے پرنٹنگ کا عمل جاری رکھنے اور ملک بھر میں تمام نادرا آفسز کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعہ کو چیئرمین نادرا عثمان مبین کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس نادرا ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا جس میں عام انتخابات کے پیش نظر شناختی کارڈ کی بروقت پرنٹنگ اور 25جولائی سے پہلے ان کی ترسیل کو ممکن بنانے کیلئے چوبیس گھنٹہ پرنٹنگ کا عمل جاری رکھنے اور ملک بھر میں تمام نادرا آفس کو کھلے رکھنے کے فیصلے کئے گئے ہیں۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 25جولائی کوہونیوالے عام انتخابا ت کے پیش نظرنادرا انتظامیہ نے تمام شناختی کارڈ بشمول نارمل کیٹیگری کو ہنگامی بنیادوں پر پرنٹ کرنے فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے تمام شناختی کارڈز کی درخواستیں بشمول نارمل جو 16 جولائی سے پہلے موصول ہوئی ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر پرنٹ کیا جا رہا ہے جبکہ 16 جولائی سے نادرا تمام درخواست گزاروں سے ان کے پرانے کارڈ ضبط نہیں کئے جائینگے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے شناختی کارڈ جن کی معیاد ختم ہو چکی ہے وہ بھی عام انتخابا ت میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔بیان کے مطابق ملک بھر میں تمام نادرا سینٹربشمول ہفتہ و اتوار رات 9بجے تک کارڈ کی ترسیل کیلئے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 25 جولائی عام انتخابات کے دن 2 بجے تک تمام نادرا دفاتر کارڈ کی ترسیل کیلئے کھلے رکھے جائینگے۔نادرا نے متعلقہ کوریئر کمپنی کو بھی ہفتہ و اتوار کو ملک بھر میں شناختی کارڈز کی ترسیل یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ بیان میں عوام سے اپنے شناختی کارڈ متعلقہ نادرا دفاتر سے مقررہ اوقات میں وصول کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔