وزیر اطلاعات پنجاب کا عام انتخابات کیلئے سول سیکرٹریٹ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ

9ڈویژن ہاٹ لائن سے منسلک ، الیکشن مہم کی مانیٹرنگ جاری ہے ‘نگران صوبائی وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض

جمعہ 20 جولائی 2018 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے سول سیکرٹریٹ میں قائم کردہ الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں موجودسہولتوں کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب کی9ڈویژن ہاٹ لائن سے منسلک کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ضلع یا شہر میں ہونے والے واقعہ پر فوری طور پر کاروائی کی جا سکے ،انہوں نے بتایا کہ اس کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں اور مانیٹرنگ کے جدید نظام کے ذریعے الیکشن مہم کی نگرانی کی جا رہی ہے اور کہیں بھی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا جا تا ہے ، اسی طرح پولنگ ڈے کیلئے بھی الیکشن کنٹرول خصوصی فرائض سر انجام دے گا ، وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض کو سینئر افسران نے الیکشن کنٹرول روم کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کنٹرول روم کیلئے مختلف محکموں نے مربوط کوششیں کی ہیں اور صوبے بھر کو نیٹ ورک کے ذریعے باہم منسلک کیا گیا ہے تاکہ موثر ترین مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض انفارمیشن ٹیکنالوجی کی یونیورسٹی کامسیٹس بھی گئے جہاں انہیں ادارے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بتایا کہ میڈیا سٹڈیز سمیت کامسیٹس کے ادارے میں جدید تعلیمی نصاب پڑھایا جا رہا ہے اور طالب علموں کو دی جانے والی سہولتیں بین الاقوامی درجے کی حامل ہیں ،نگران وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض نے ادارے کے معیار کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا جن کی ان تھک کاوشوں کے باعث یہ ادارہ عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بن چکا ہے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ادار ے وقت کی ضرورت ہیں جو نوجوانوں کو با مقصد اور پیشہ وارانہ تعلیمی سہولتیں مہیا کر سکے ۔