ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی پر نااہلی اور جیل کی سزا کی تلوار لٹکنے لگی

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ کل سنایا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 جولائی 2018 18:47

ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی پر نااہلی اور جیل کی سزا کی تلوار لٹکنے لگی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2018ء) ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی پر نااہلی اور جیل کی سزا کی تلوار لٹکنے لگی، انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز رہنما ن لیگ حنیف عباسی کیخلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج محمد اکرم خان نے کی۔

اس موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے وکیل نے گواہ نعیم کا بیان عدالت میں پڑھ کر سنایا اور کہا کہ گواہ نے جو بیان دیا ہے اس کا سرٹیفکیٹ دینا چاہتے ہیں، جس پر حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ گواہ کے بیان کی کلیریکل غلطیوں کو اس موقع پر درست نہیں کیا جا سکتا۔ گواہ نے 2015 میں بیان ریکارڈ کروایا اور نیب دلائل مکمل کر چکی ہے اور اب ہمارے اعتراض پر یہ سرٹیفیکیٹ جمع کروانے کی باتیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جج سردار محمد اکرم نے ریمارکس دیے کہ اس لیے کہتے ہیں وکالت بہت مشکل کام ہے، آنکھ اور کان کھلے رکھنے پڑتے ہیں۔عدالت نے فریقین وکلا سے استفسار کیا کہ ملزم کی درخواست پر فیصلہ ابھی دوں یا آخر میں، آج جمعہ ہے اور اگر فیصلہ لکھنے بیٹھا تو آدھا گھنٹہ لگے گا جس پر فریقین کے وکلا نے کہا کہ آپ فیصلہ آخر میں دے دیں۔ سماعت کے دوران فریقین وکلا نے دلائل دئیے۔

فاضل جج نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مجھے ہفتہ کو ایفیڈرین کیس کا فیصلہ دینا ہے اس لیے مزید وقت نہیں دیا جاسکتا۔ اس موقع پر حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ ابھی دلائل مکمل نہیں ہو سکتے، جس حد تک دلائل دے سکا، دوں گا۔ جس پر معزز جج نے کہا کہ میں دلائل سنوں گا چاہے اگلا دن بھی آجائے اور دلائل سننے کے بعد چیمبر میں بیٹھ کر فیصلہ لکھوں گا۔

بعد ازاں حنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پہلے ہی انسداد منشیات کی عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دے رکھا ہے۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حنیف عباسی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم اعلیٰ عدالت نے ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف حنیف عباسی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔