دُبئی : ڈنڈا مار کر نوجوان کی بینائی ضائع کرنے والے کو قید کی سزا

ملزم کو چھ ماہ قید کے علاوہ دس ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 جولائی 2018 18:49

دُبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔20جولائی 2018ء) دُبئی کی مقامی عدالت نے ایک سولہ برس کے نوجوان کو چھ ماہ قید اور دس ہزار اماراتی درہم جرمانے کی سزا سُنائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کم سن نوجوان نے اپنے ہم عمر نوجوان کو مُکا مار کر اُس کی دائیں آنکھ کی بینائی جزوی طور پر ضائع کر دی تھی۔ جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

عدالت میں کارروائی کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ دونوں افراد کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں ملزم نے لکڑی کے ایک ڈنڈے سے مُدعی کی دائیں آنکھ پر ضرب لگائی جس کے باعث اُسے ایک بڑا زخم آیا اور اُس کی دیکھنے کی صلاحیت کافی عرصہ تک محدود ہو گئی۔ عدالت نے ملزم کو چھ ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنائی تھی اور ملزم کو کم عمری کی بناء پر نابالغوں کی جیل میں رکھے جانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم ملزم کے وکیل کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ متاثرہ نوجوان اور اُس کے مؤکل کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس دوران غلطی سے ملزم کا ہاتھ اُس سے جھگڑنے والے نوجوان کو جا لگا۔ ملزم کا جان بُوجھ کر ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔اس لیے اُس کو عدالت کی جانب سے سُنائی گئی سزا میں کمی کر کے تین ماہ تک محدود کر دیا جائے اور ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ استغاثہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اُس کے مؤکل نے نوجوان کو مارنے کے لیے ڈنڈے کا استعمال کیا جو کہ قطعاً بے بنیاد اور حقیقت سے دُور بات ہے۔ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ کے جج نے دستیاب ثبوتوں کی بناء پر ملزم کی چھ ماہ کی سزا برقرار رکھی تاہم ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا ختم کر کے اُس کی بجائے دس ہزار امارتی درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا۔