Live Updates

نگران پنجاب حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،شہبازشریف

انتخابات کے موقع پر ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے،نیب کی کارروائیاں (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں،صدر مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف اور نگران پنجاب حکومت ایک ہے، ان میں کوئی فرق نہیں، نگران وزیراعلیٰ کے ریکارڈ اٹھاکر دیکھ لیں، ان کے مسلم لیگ (ن) کیخلاف بیانات ہیں،پریس کانفرنس

جمعہ 20 جولائی 2018 20:04

نگران پنجاب حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،شہبازشریف
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ نگران پنجاب حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے،25جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر ہمارے مینڈیٹ کوتبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی صورت تسلیم نہیںکریں گے،نوازشریف کی آمد پر سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ، کارکنوں پر دہشت گردی کی دفعات لگادی گئیں، الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد امیرمقام کی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کہ نیب کی کارروائیاں (ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں، ہماری نیب میں پیشیاں ہورہی ہیں اور کچھ لوگ پیسٹریاں کھارہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے الزام لگایا کہ پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے اور اس کے احکامات پر ناچ رہی ہے جب کہ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ تحریک انصاف اور نگران پنجاب حکومت ایک ہے، ان میں کوئی فرق نہیں، نگران وزیراعلیٰ کے ریکارڈ اٹھاکر دیکھ لیں، ان کے مسلم لیگ (ن) کیخلاف بیانات ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ نوازشریف ووٹ اور خدمت کی عزت کے لیے آئے، 13 جولائی کو پیمرا نے ہمیں کوریج نہ دینے کے لیے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی لیکن وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔شہبازشریف نے کہا کہ ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، ننگے طریقے سے ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ موقع ملا تو ملک کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لانے کے لیے اپنی جان لگادیں گے، جب مہاتیر محمد نے ملائشیا کو بدل دیا تو ہم اپنے ملک کو کیوں نہیں بدل سکتے، بھارت بھی ہم سے بہت آگے نکل گیا ہے وہ اب ہم سے صرف ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ڈرتا ہے۔شہبازشریف نے عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ انہیں بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا میں نہ اسپتال بنایا، نہ سڑکیں، کالج اور فرانزک لیب، اگر وہ کہہ دیں کہ وہ پشاور کو لاہور بنادیں گے تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جھاڑوبھی خریداہو تواس کے کاغذات کی بھی جانچ پڑتال ہوتی ہے لیکن نیب کو پشاورکابی آرٹی نظرنہیں آتا جہاں منصوبے کی لاگت38ارب سے 68ارب تک پہنچ گئی لیکن نیب نے کچھ نہیں کیایہ تو شکر ہے کہ پشاورہائیکورٹ نے تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے ایک کالے لسٹ والی کمپنی کو ٹھیکہ دیاگیا کیااس کالی لسٹ والی کمپنی کو کالاپانی نہیں بھیجناچاہئے تھا منصوبے کی لاگت میں کیوں اضافہ ہوا اورنہ ہی منصوبہ وقت پرمکمل ہوا مسلم لیگ ن کوحکومت ملتی ہے تو انشاء اللہ اس منصوبے کا افتتاح ہم کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلوں کااحترام کرتے ہیں اور ان کے ہر حکم کی تعمیل کی گئی ہے ن لیگ ووٹ کے تقدس اور بحالی کیلئے تگ ودوکررہی ہے یادرکھ لیں ہمارے مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیاجائے گاقبل ازیں شہبازشریف بلورہائوس گئے اورہارون بلورکی شہادت پر غلام بلور کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا انہوں نے ملک میں دہشتگردی کیخلاف جنگ اور جمہوریت کیلئے بلورخاندان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات