مقبوضہ کشمیر ، فریدہ بہن جی کا نظر بند کشمیریوں کی رہائی کامطالبہ،وجاہت قریشی کا حاجی حبیب اللہ کی وفات پر اظہار تعزیت

جمعہ 20 جولائی 2018 20:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر ماس مونٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غلام حسن ملک عرف نور خان کی دوران نظر بندی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نور خان بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے انتقال کر گیا ۔

انہوںنے کہا کہ اس واقعے سے ایک بار پھر کشمیریوں کے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ جیلوں میں مقید کشمیریوں کی زندگیاں ہرگز محفوظ نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نظر بندوں کوطبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جس کا انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

فریدہ بہن جی نے بھارتی فورجیوں کی طرف سے شوپیاں میں نہتے شہریوں کو زد وکوب اور املاک کو تباہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کا بدترین نمونہ قرار دیا ۔

دریں اثنا جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ آر کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے مزار شہدا سرینگر کے نگران حاجی حبیب اللہ خان کی وفات پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ مرحوم انتہائی اعلیٰ صفات کے حامل انسان تھے اور انہوں نے انتہائی نامسائد حالات کے باوجود کئی دہائیوں تک مزار شہداعید گاہ کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں بڑی خوبی اور دیانت داری سے نبھائی۔