Live Updates

پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروںپر چل رہی ہے،شہبازشریف

(ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کیلئے نیب کی کارروائیاں ہورہی ہیں، ہماری پیشیاں اور وہ کیک پیسٹریاں کھا رہے ہیں،الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے، ننگے طریقے سے ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہی نوازشریف ووٹ اور خدمت کی عزت کے لیے آئے، 13 جولائی کو پیمرا نے ہمیں کوریج نہ دینے کے لیے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی لیکن وقت ایک جیسا نہیں رہتا ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی، پشاور ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد پریس کانفرنس

جمعہ 20 جولائی 2018 20:11

پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروںپر چل رہی ہے،شہبازشریف
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت تحریک انصاف کے اشاروںپر چل رہی ہے،(ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کیلئے نیب کی کارروائیاں ہورہی ہیں، ہماری پیشیاں اور وہ کیک پیسٹریاں کھا رہے ہیں اور ایسے میں الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے، ننگے طریقے سے ہمیں دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے،نوازشریف ووٹ اور خدمت کی عزت کے لیے آئے، 13 جولائی کو پیمرا نے ہمیں کوریج نہ دینے کے لیے ٹی وی چینلز پر پابندی لگائی لیکن وقت ایک جیسا نہیں رہتا،ووٹ کی پرچی کا احترام کیا جائے، رائے عامہ ہمارے حق میں ہے، ہم الیکشن جیت رہے ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی۔

(جاری ہے)

پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر چل رہی ہے جس نے 13 جولائی کو ہمارے سینکڑوں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرلیا ۔ ہماری ریلی جیسی جذبات والی ریلی کسی نے آنکھ نے پہلے لاہور میں کبھی نہیں دیکھا پورا لاہور امڈ آیا تھا، باہر سے آنے والے ہمارے قافلوں کو روکا گیا ، امیر مقام تین ہزار گاڑیوں کا جلوس لے کر آئے انہیں بھی روکا گیالیکن اس کے باوجود لاکھوں کا سمندر تھا اور ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا اس لیے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہم پاکستان کے معمار اور خادم ہیں ، ہم اپنی ہی بنائی گئی چیزوں کو کیسے توڑ سکتے ہیں۔

اگلے دن پنجاب کی حکومت نے پی ٹی آئی کے کہنے پر ہمارے خلاف ایف آئی آر کاٹی اور اس میں دہشت گردی کی دفعات لگادیں۔شہبازشریف نے کہاکہ تحریک انصاف اور نگران پنجاب حکومت ایک ہے، ان میں کوئی فرق نہیں، نگران وزیراعلی کے ریکارڈ اٹھاکر دیکھ لیں، ان کے مسلم لیگ (ن)کیخلاف بیانات ہیں۔ اس کے بعد کسی کو شبہ نہیں رہنا چاہیے کہ پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کی طفیلی ہے عمران خان جھوٹ بولتے ہیں پی ٹی آئی اور پنجاب حکومت ایک ہیں اور ان میں کوئی فرق نہیں ہے ۔

شہبازشریف نے ایک بار پھر عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ انہیں بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا میں نہ اسپتال بنایا، نہ سڑکیں، کالج اور فرانزک لیب، اگر وہ کہہ دیں کہ وہ پشاور کو لاہور بنادیں گے تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔ ان کا کہنا تھاکہ موقع ملا تو ملک کو ترکی اور ملائیشیا کے ہم پلہ لانے کے لیے اپنی جان لگادیں گے، جب مہاتیر محمد نے ملائشیا کو بدل دیا تو ہم اپنے ملک کو کیوں نہیں بدل سکتے، بھارت بھی ہم سے بہت آگے نکل گیا ہے وہ اب ہم سے صرف ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے ڈرتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات