Live Updates

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود کی ’’کشمیر حق خودارادیت کانفرنس ‘‘ میں شرکت

کانفرنس کے اختتام پر قومی امنگوں کی ترجمان متعدد قرادادیں متفقہ طور پر منظور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کیا جائے،مطالبہ

جمعہ 20 جولائی 2018 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقدہ ’’کشمیر حق خودارادیت کانفرنس ‘‘ میں بطور مہمان خاص شرکت کی ۔ اس کانفرنس کے اختتام پر قومی امنگوں کی ترجمان متعدد قرادادیں پیش کی گئیں جنہیں حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیشن قائم کیا جائے جو دنیا کے سامنے حقائق پیش کرے۔ ایک قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کو مجبور کرے کہ وہ اپنی سات لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر سے فوری نکالے، کشمیریوں پر ظلم وستم کا سلسلہ بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے ۔

(جاری ہے)

ایک قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان ایک انتہائی قابل اور مسئلہ کشمیر کی سوجھ بوجھ رکھنے والی شخصیت کو کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے جو دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے حق میں لابی کرے۔ ایک قرارداد میں میاں محمد شہباز شریف‘ عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ چونکہ پاکستان میں مسئلہ کشمیر ہمیشہ جماعتی سیاست سے بالاتر رہا ہے‘ اس لئے یہ تینوں رہنما ایک مشترکہ بیان جاری کریں جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات