بلاول بھٹو کے شانداراستقبال نے ثابت کر دیا ہے پنجاب پیپلزپارٹی کا تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا،آصف علی زرداری

آئین کی بحالی اور صوبائی خودمختاری شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن تھا۔ ہم نے اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا،پارٹی کارکن متحرک رہیں، چیئرمین کا پیغام اور منشور عوام تک پہنچائیں،سابق صدر پاکستان

جمعہ 20 جولائی 2018 21:10

بلاول بھٹو کے شانداراستقبال نے ثابت کر دیا ہے پنجاب پیپلزپارٹی کا تھا، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کرنے پر وسطی پنجاب کے عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے شاندار استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب پیپلزپارٹی کا تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

بلاول بھٹو کے استقبال سے پیپلزپارٹی کے مخالفین پریشان ہوگئے ہیں۔ شہید بھٹو سے پیار کرنے والا ہر شخص بھٹو کے ساتھ ہے، شہید بینظیر بھٹو کا وفادار بلاول بھٹو زرداری کا وفادار ہے۔ آصف علی زرداری نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ متحرک رہیں، چیئرمین کا پیغام اور منشور عوام تک پہنچائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کی بحالی اور صوبائی خودمختاری شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن تھا۔

ہم نے اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ غربت، بیروزگاری اور شدت پسندی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کے دکھوں کا ازالہ کیا گیا۔ پیپلزپارٹی انتخابات جیتنے کے بعد غربت، بیروزگاری کو ختم کرکے عوام کے لئے خوشحالی کے دروازے کھولے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پنجاب میں بھٹو کے نعروں کی گونج جیالوں کے لئے فتح کا پیغام ہے۔

پیپلزپارٹی کے مخالفین کو شکست صاف نظر آرہی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ باوقار اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے اور یہ منزل محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھی۔ انشااللہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خواب کی تعبیر کریں گے۔ آصف علی زرداری نے ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی پر فائرنگ کے واقعے کی سخت الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین شکست کے خوف سے اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔