چین پاکستان سدابہار دوست ہیں ،بین الاقوامی حالات چاہے کیسے بھی ہوں، دونوں کے مابین ہمیشہ بہترین ہمسائیگی ،دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں ،

چین پاکستان کی قومی سلامتی واستحکام اور لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے ہرطرح کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے وائس چیئرمین آف چائنا سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل زینگ یوشیا کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 20 جولائی 2018 21:34

چین پاکستان سدابہار دوست ہیں ،بین الاقوامی حالات چاہے کیسے بھی ہوں، ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2018ء) چین کے وائس چیئرمین آف چائنا سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل زینگ یوشیا نے چینی صوبہ سنکیانگ کے صدر مقام ارومچی میں پاکستان کے چیف آف ایئرسٹاف ایئرمارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی ۔ جنرل زینگ نے کہا کہ چین پاکستان سدابہار دوست ہیں اور دونوں کی دوستی کسی وقت کی محتاج نہیں ۔ چین پاکستان مابین ہمیشہ بہترین ہمسائے ،دوست اور برادر تعلقات رہے ہیں بین الاقوامی حالات کیسے بھی ہوں ۔

چینی میڈیا کے مطابق جنرل زینگ نے چینی صدر شی جن پھنگ کے پاکستان میں حالیہ ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے تعزیتی پیغام بارے بتاتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو نہ صرف تسلیم کرتا ہے بلکہ حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

چین پاکستان کی قومی سلامتی واستحکام اور لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے ہرطرح کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے ۔

چین اور پاکستان کا ایک دوسرے پر باہمی اعتماد ہی ہے جو دونوں ملکوں کی عوام میں واضح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کو ڈیفنس ،سیکیورٹی تعاون ،باہمی تحفظ، علاقائی امن واستحکام کیلئے شراکت داری کو بڑھانا چاہیے ۔دونوں ممالک کی افواج کے تعلقات نئی بلندیوں کی طرف جا رہے ہیں ۔چیف آف ایئر سٹاف نے چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے حالیہ حملوں پر تعزیتی پیغام کو سراہا ۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر کا دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کیلئے پیغام چینی عوام کی جانب سے ظاہر کرتا ہے کہ چین پاکستانی عوام اور فوج کو بھائیوں کی طرح دیکھتا ہے اور اس عمل نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم اور اعتماد میں اضافہ کیا ہے جو کہ خطے کی سیکیورٹی کیلئے اہم ترین ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دفاعی وسیکیورٹی کے شعبوں میں دونوں افواج کے مابین ہونے والے تعاون کو اہمیت دیتا ہے ۔ پاک فضائیہ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین جامع تعاون کو مزید وسیع کرنے کی خواہش رکھتی ہے جس سے دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہو ں گے ۔