مریم نوازکا پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے پھر سے انکار

انتظامیہ مریم نواز کو اڈیالہ سے ریسٹ ہاؤس منتقل کرنا چاہتی ہے، ریسٹ ہاؤس میں انتظامات مکمل کرکے گزشتہ 3 روز سے مریم نواز کو منتقل کرنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 جولائی 2018 19:41

مریم نوازکا پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے پھر سے انکار
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2018ء) مریم نوازکا پولیس ریسٹ ہاؤس سہالہ منتقل ہونے سے پھر سے انکار، انتظامیہ مریم نواز کو اڈیالہ سے ریسٹ ہاؤس منتقل کرنا چاہتی ہے، ریسٹ ہاؤس میں انتظامات مکمل کرکے گزشتہ 3 روز سے مریم نواز کو منتقل کرنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل ہونے سے انکار کردیا ہے۔

گزشتہ روز اہم شخصیت ان کے پاس پیغام لے کر گئی کہ سہالہ ریسٹ ہاؤس جسے سب جیل کا نوٹیفکیشن قرار دیا گیا، وہاں منتقل ہوجاہیں۔ پیغام رساں کو اس وقت سخت مایوسی ہوئی جب مریم نواز نے یہ کہہ کر وہاں جانے سے انکار کردیا کہ جب تک ان کے والد یہاں ہیں وہ کہیں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے انکار کے بعد نگران حکومت نے یہ معاملہ اب آنے والی حکومت پر چھوڑ دیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے اڈیالہ جیل میں ناکافی سہولیات کے بابت اور سیکورٹی خدشات کے باعث مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سہالہ ریسٹ ہاؤس میں انتظامات مکمل کرکے گزشتہ 3 روز سے مریم نواز کو منتقل کرنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم سابق وزیراعظم کی صاحبزادی ریسٹ ہاوس منتقل ہونے سے مسلسل انکاری ہیں۔

واضح رہے کہ 13جولائی کی شب جب میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور سے گرفتار کرکے اسلام آباد لایا گیا تو نگران حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس اور نواز شریف کو اڈیالہ جیل رکھا جائے۔ مگر مریم نواز نے اس وقت ہی اپنے والد سے علحیدہ ہونے سے انکار کردیا تھا ۔ جبکہ اب دوبارہ مریم نواز نے نواز شریف کو اڈیالہ جیل چھوڑ کر سہالہ ریسٹ ہاوس منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔