بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں 30 چینلز کی نشریات بند کردیں

جمعہ 20 جولائی 2018 21:55

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں 30 چینلز کی نشریات بند کردیں۔کشمیر میڈیا کے مطابق قابض بھارتی افواج کے ظلم و تشدد اور جارحیت کو دنیا سے مخفی رکھنے کیلئے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں 30 ٹی وی چینلز کی نشریات پر پابندی لگادی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارت نوازی میں تمام حدیں پار کرتے ہوئے کشمیریوں کی زباں بندی بھی کردی گئی۔

(جاری ہے)

ان تمام چینلز پر بھارتی مظالم کی خبریں نشر کی جاتی تھیں۔کشمیر کی براڈ کاسٹ تنظیموں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کے غیر جمہوری اقدام کے خلاف ہائی کورٹ عدالت میں پٹیشن داخل کردی ہے ۔حریت پسند رہنمائوں یاسین ملک، سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے آزادی اظہار رائے پر قدغن کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ کے عمل کی مذمت کی ہے۔ حریت پسند رہنمائوں کا کہنا ہے کہ بھارت نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ اس طرح کے بزدلانہ اقدامات جدو جہد خودارادیت کو کمزور نہیں کرسکتیں۔