Live Updates

وزارت عظمی کی لکیر عمران کے ہاتھ میں نہیں، ملکی سلامتی شفاف انتخابات میں ہے، میاں افتخار حسین

جمعہ 20 جولائی 2018 22:20

وزارت عظمی کی لکیر عمران کے ہاتھ میں نہیں، ملکی سلامتی شفاف انتخابات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ الیکشن میں اے این پی کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں اور عوام اب باچا خانی کی حقیقی روح سے آشنا ہو چکے ہیں ، عنقریب صوبے میں اے این پی کی حکومت ہو گی اور پانچ سال تک محرومیوں کا شکار ہونے والے عوام کی محرومیوں کا ازالہ سیاسی وابستگی سے قطع نظر کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران پی کی65کے مختلف مقامات پر شمولیتی تقاریب اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،میاں افتخار حسین نے مختلف شمولیتی تقریبات میں پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں مبارکباد پیش کی ، پبی میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باوجود کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ میں موجود تھی،میاں افتخار حسین نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن وقت کی اہم ضرورت ہیں تاہم بادی النظر میں کسی مخصوص قوت کو آگے لانے کیلئے گیم پلان چلتا دکھائی دے رہا ہے ،عمران خان کے ہاتھ میں وزارت عظمیٰ کی لکیر نہیں ،انہوں نے کہا کہ اے این پی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور حکومت میں آ کر عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کا ستحصال کیا اور تاریخ کا ایک تاریک باب ہے ، میاں افتخار حسین نے پشاور میٹرو کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں کے اپنے ہاتھ کرپشن میں رنگے ہیں اور صوبے کا اربوں روپیہ لوٹ لیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک نے اپنے دور میں کوئی کام ایسا نہیں کیا جسے اچھے الفاظ میں یاد کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بے توقیری اور خزانے پر ڈاکہ ڈالنے والے سابق وزیر اعلیٰ نے صوبے کو بری طرح نقصان پہنچایا ، اور ایسا شخص خود اپنے حلقے کیلئے بد نما داغ ہے ،انہوں نے کہا کہ اخلاقیات سے عاری پرویز خٹک جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ قابل مذمت ہے ، نظریاتی سیاست سے نابلد شخص صرف کرسی کی خاطر وفاداریاں تبدیل کرنے میں ماہر ہے اور نظریاتی سیاست اور اخلاقیات کی ابجد سے واقف نہیں،انہوں نے کہا کہ اپنے دورمیں سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے حجرے میں 450افراد بٹھا کر انہیں پولیس میں بھرتی کرایا جو حلقے کے عوام کبھی بھول نہیں سکتے ،میرٹ کی دھجیاں اڑانے والوں کے خلاف19ارب کی کرپشن کے کیسز کھل چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ بیشتر کیسز میں پرویز خٹک براہ راست ملوث ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ نے لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا اور ٹھیکوں کی تقسیم میں اقربا پروری کو فروغ دیا ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اب نظریاتی سیاست سے کوئی تعلق نہیں وہ صرف لوٹوں پر مشتمل ایک ٹولہ ہے اور انہی لوٹوں کے ہاتھوں یرغمال ہو چکی ہے،انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئی25جولائی کو اے این پی پر اعتماد اظہار کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات