انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کا صفایا ہو جائے گا،سرداربابک

جمعہ 20 جولائی 2018 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کا صفایا ہو جائے گا ، خیبر پختونخوا میں اے این پی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور حکومت میں آ کر عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران پی کے 22 بونیر کے مختلف علاقوں میں جرگوں، شمولیتی اجتماعات اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے اہم سیاسی شخصیات نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ کئی سرکردہ شخصیات کی جانب سے حمایت کا علان بھی کیا گیا ، سردار حسین بابک نے پارٹی میں شامل ہونے والوں اور حمایت کی یقین دہانی کرانے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انتخابات میں اصل مقابلہ نظریے اور اقتدار کے پجاریوں کے درمیان ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی یہی وجہ ہے کہ آج سینکڑوں کی تعداد میں عوام اے این پی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ظلم کی اندھیری رات ڈھلنے والی ہے اور25جولائی کو اے این پی عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گی،سردار بابک نے کہا کہ ملک میں الیکشن مؤخر کرنے کی بارہا کوششیں کی گئیں تاہم اے این پی نے جانوں کی قربانی دے کر الیکشن مؤخر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ، انہوں نے کہا کہ صورتحال بلا شبہ سنگین ہے اور ذرا سی غلطی یا کوتاہی بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی نے کرپشن اور کمیشن کی سیاست کو فروغ دیا جس کے نتیجے میں سرکاری خزانہ لوٹ لیا گیا اور صوبہ اربوں روپے کا مقروض بھی ہو گیا جسے ادا کرنے کیلئے آنے والی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ، بلین سونامی ٹری اور بیوٹیفیکیشن کے نام پر اربوں روپے خرد برد کر دیئے گئے جس کی نیب نے انکوائری شروع کر دی ہے جبکہ میٹرو منصوبے سے متعلق عدالتی فیصلے نے اے این پی کے اعتراض کو درست ثابت کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کو اپنا قیمتی ووٹ اے این پی کے حق میں استعمال کر کے اپنا اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔