پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے وسیم یاسین دانش سکول کا طالبعلم ،والد انتقال کر چکے ہیں

پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر دو طلبہ نے حاصل کی ، دوسری پوزیشن پر مشترکہ طور پر دو کے حصے میں آئی تین کا مستقبل میں میڈیکل ، ایک کا انجینئرنگ کے شعبے سے وابستگی کی خواہش کا اظہار،سیاست سے بیزاری کا اظہار

جمعہ 20 جولائی 2018 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) لاہور بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم وسیم یاسین کے والد انتقال کر چکے ہیں ۔وسیم یاسین پنجاب دانش سکول فار بوائز انڈ س ہائی وے روڈ فاضل پور ضلع راجن پور کا طالبعلم ہے ۔بتایا گیا ہے کہ وسیم یاسین کے سات بھائی اور چار بہنیں ہیں اور تمام اپنے بڑے بھائی کی زیر کفالت ہیں۔

لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے وسیم یاسین کی مستقبل میں میڈ یکل کے شعبے سے وابستہ ہونے کی خواہش ہے ۔وسیم یاسین نے 1091نمبر لے کر بورڈ میںمجموعی طور پرپہلی پوزیشن حاصل کی۔1091نمبر لے کر مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دوسرے طالبعلم توصیف افضال کے والد ایک دکان چلاتے ہیں ۔ توصیف افضال کی بھی میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ہے ۔

(جاری ہے)

بورڈ میں 1090نمبر لے کر مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمد ہاشم فیصل کے والد ڈاکٹر ہیں اور ہاشم فیصل کی بھی اسی شعبے کو جوائن کرنے کی خواہش ہے ۔بورڈ میں 1090نمبر لے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی وجیہ اسلم کے والد پراپر ٹی ڈیلر ہیں ۔ وجیہ کی والدہ نے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی ہم سب بہت خوش ہیں اور وجیہ آگے کس شعبے میں جائے گی اس بارے ابھی کچھ نہیں سوچا ۔

لاہور بورڈ میں 1089نمبر لے کر مجموعی طو رپر تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی حفصہ سلیم قصور کی رہائشی ہے اور اس کے والد ایک دکان چلاتے ہیں۔ طالبہ نے انجینئربننے کی خواہش کااظہار کیا ہے ۔ رابطہ کے دوران پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ نے سیاست کے حوالے سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے کروڑوں روپے چاہئیں جبکہ ہمار ے ملک میں جس طرح کی سیاست ہوتی ہے یہ ہمارے بس کی بات نہیں۔