جھالاوان ہمیشہ سے سیاست کا مرکز اور قبائلی روایات کا گہوارہ رہاہے، ،نواب ثناء اللہ خان زہری

ہم قبائلی روایات کے امین اور وارث ہیں ، ہماری سیاست بھی یہاں کے عوام کی خوشحالی ان کے مستقبل کی تعمیر و ترقی کے لئے ہے، سابق وزیراعلیٰ

جمعہ 20 جولائی 2018 22:38

جھالاوان ہمیشہ سے سیاست کا مرکز اور قبائلی روایات کا گہوارہ رہاہے، ..
خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ جھالاوان ہمیشہ سے سیاست کا مرکز اور قبائلی روایات کا گہوارہ رہاہے،یہاں کے لوگوں میں شعور و آگاہی بہ اتم موجود ہے، ہم ان قبائلی روایات کے امین اور وارث ہیں ، ہماری سیاست بھی یہاں کے عوام کی خوشحالی ان کے مستقبل کی تعمیر و ترقی کے لئے ہے ، آئندہ بھی اپنے اس مشن کو جاری رکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے خلق جھالاوان خضدار میں قبائلی رہنماء میر محمد اخلاق خدرانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن)خضدار سٹی کے جنرل سیکریٹری چیف محمد نورزہری ودیگر بھی موجو دتھے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ہم قبائلی اور سیاسی حوالے سے عوام کی قیادت کررہے ہیں اس پر ہمیں فخربھی حاصل ہے کہ عوام کا اعتماد ہمیں حاصل ہے ، اور کبھی بھی میں نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچایا بلکہ دیگر نمائندوں سے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ان کے مسائل حل کیئے خوشحالی اور فلاح و بہبودکے لئے کام کیا ، میر ی حکومت نے نہ صرف جھالاوان بلکہ پورے صوبے میں ترقیاتی و تعمیراتی حوالے سے انمٹ نقوش رقم کی ، تعلیم ، صحت کے شعبے پر کام کیا ، سرد خانے میں پڑی پینتیس ہزار سے زائد آسامیوں کو نکالا، جن پر آج تک بھی بے روزگار نوجوان بھرتی ہورہے ہیں ، لوگ باشعور ہیں اور وہ اپنے دوست و دشمن کو بھی پہچان سکتے ہیں ۔