ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر کا ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو شدید بارش کے دوران شہر کی اہم شاہرائوں پر گشت کرنے کا حکم

جمعہ 20 جولائی 2018 22:38

لاہور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) لاہور پولیس کے تمام افسران شدیدبارش کے دوران سڑکوں پر شہریوں کی مدد کرتے رہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا کہ ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز شدید بارش کے دوران شہر کی اہم شاہرائوں پرموئثر گشت کو یقینی بنائیں۔ پولیس اہلکار بارش میں شہریوں کی خراب گاڑیوں کی بروقت مرمت کر کے ٹریفک روانی کو بھی یقینی بناتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے افسران کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں کا دورہ کر کے واسا کی مدد سے فوری پانی نکلواکر شہریوں کیلئے آسانی پیدا کی جائے۔ واسا اور ٹی ایم اے عملہ سے مکمل تعاون کیا جائے۔ شہریوں کی سہولت کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کو کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر کال یا 8330 پر ایس ایم ایس کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ایس پی کینٹ بلال افتخار کی نگرانی میں پولیس اہلکار بھٹہ چوک، والٹن روڈ، ڈیفنس و دیگر علاقوں میں پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد کیلئے امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔ایس پی سول لائنز محمد افضل کی نگرانی میں پولیس اہلکاروں نے فیصل چوک، گورنر ہائوس، ریگل چوک اور جی پی او چوک پر شہریوں کی پانی میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکلواکر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

ایس پی اقبال ٹائون سید علی کی نگرانی میں پولیس اہلکار اقبال ٹائون،گلشنِ راوی، نواںکوٹ اور شیراکوٹ کے علاقوں میں بارش کے دوران شہریوں کی مدد کرتے رہے۔ ایس پی صدر معاذ احمد کی نگرانی میں پولیس اہلکارچوہنگ، جوہرٹائون، گرین ٹائون،ہنجروال اورنواب ٹائون کے علاقوں میں شہریوں کی خراب گاڑیوں کو ٹھیک کر کے ٹریفک روانی کو یقینی بناتے رہے۔

ایس پی سٹی احسن سیف اللہ کی نگرانی میں پولیس اہلکارشاہدرہ،لوہاری گیٹ،بھاٹی گیٹ، لاری اڈہ اورراوی روڈ کے علاقوںمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون علی وسیم کی نگرانی میں پولیس اہلکار نشترکالونی،لیاقت آباداورشادمان کے علاقوں میں شہریوں کی سہولت کی خاطر سڑکوں پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر کے حکم پر ایس پی ڈولفن محمد ندیم نے ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکاروں کو شہر کی اہم شاہرائوں پر گشت کی خصوصی ہدایت دی جس پر پولیس اہلکار کینال روڈ، فیروز پور روڈ، ملتان روڈ و دیگر اہم شاہرائوں پر موئثر گشت کے دوران پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد کرتے رہے۔