Live Updates

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کیا جائے

ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ کانفرنس کے اختتام پر قراداد میں مطالبہ

جمعہ 20 جولائی 2018 23:08

لاہور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ ’’کشمیر حق خودارادیت کانفرنس ‘‘ میں خصوصی طور پر شرکت کی ، کانفرنس کے اختتام پر قومی امنگوں کی ترجمان متعدد قرادادیں پیش کی گئیں جنہیں حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا، ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کیا جائے جو دنیا کے سامنے حقائق پیش کرے، ایک اور قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کو مجبور کرے کہ وہ اپنی سات لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر سے فوری نکالے، کشمیریوں پر ظلم وستم کا سلسلہ بند اور انہیں ان کا حق خودارادیت دے ، ایک قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان ایک انتہائی قابل اور مسئلہ کشمیر کی سوجھ بوجھ رکھنے والی شخصیت کو کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے جو دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے حق میں لابی کرے، ایک اور قرارداد میں محمد شہباز شریف‘ عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ یہ تینوں رہنما ایک مشترکہ بیان جاری کریں جس میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ ہو۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات