Live Updates

کراچی،25جولائی کو ہونے والے الیکشن نہیں سلیکشن ہو رہے ہیں،شاہ محمد شاہ

خلائی مخلوق ہمیں انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہے رہی جبکہ لاڈلے کی جماعت کو مکمل آزادی حاصل ہے، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے الیکشن میں بھر پور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں،صدر مسلم لیگ ن سندھ

جمعہ 20 جولائی 2018 23:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ25جولائی کو ہونے والے الیکشن نہیں سلیکشن ہو رہے ہیں،خلائی مخلوق ہمیں انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہے رہی جبکہ لاڈلے کی جماعت کو مکمل آزادی حاصل ہے، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے الیکشن میں بھر پور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں ہماری دوسری تمام جماعتوں سے بھی درخواست ہے وہ الیکشن کا بائیکاٹ نہ کریں اور حالات کا مقابلہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو اپنی رہائشگاہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ل اس موقع پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سندھ کے صدر نذیر جان نے این اے 249 کے حلقہ میں اپنے امیدوار کو مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے حق میں بیٹھانے ، اور کراچی کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن سندھ کے صدر سلیم ضیاء، خواجہ طارق نذیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہطاقتور قوتیں کیا کر رہی ہیں اور کیا چاہتی ہیں یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔جسطرح کے الیکشن 25جو لائی کو ہونے جارہے ہیں یہ ڈارامہ ملک میں70سالوں سے ہورہا ہے۔ الیکشن کے نام پر کھیل تماشہ کیا جاتا ہے۔خلائی مخلوق کی جانب سے ہماری انتخابی مہم کے دوران کاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ، ہمارے بینرز اور جھنڈے اتارے جارہے ہیں اور ہمارے امیدواروں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔

نگراں حکومت تماشہ دیکھ رہی ہے۔ ہمارے ہاتھ پاں باندھے جارہے ہیں ، کالعدم جماعتوں انتخابات لڑنے اور کھل کر الیکشن مہم چلانے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ لاہور ائر پورٹ پر نواز شریف کی آمد کے موقع پر پیمرا نے نواز شریف کے استقبال کے لئے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاکو روک دیا اور انھیں ائر پورٹ نہیں جانے دیاگیا۔ جبکہ پیمرا نے میڈیا کو اس ریلی کی کوریج نہیں کرنے دی۔

انھوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام جمہوری قوتیں ایک پلیٹ فارم پر آجائیں۔ اور کسی بھی جماعت کی جانب سے الیکشن کا بائیکاٹ نہ کیا جائے۔ ہم بلاول بھٹو کے شکر گزار ہیں انھوں نے ہمارے ساتھ نہ ہونے والی نا انصافی پر بیان دیا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمد شاہ نے کہا کہ انتظامی یونٹ کے نام پر ہمیں سندھ کی تقسیم منظور نہیں ہم سمجھتے ہیں کہ جو لوگ سندھ کی تقسیم کی بات کر رہے ہیں وہ سندھ کے غدار ہیں، اگر انتظامی یونٹ کے حق میں جی ڈی اے کے رہنما اور تحریک انصاف کے رہنما بات کر رہے ہیں تو یہ بات ان سے پوچھی جائے وہ سندھ کے خلاف یہ کیوں کر رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ شہباز شریف 21 جولائی کو کراچی نہیں آرہے جلسہ سیکیوریٹی مسائل کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے صدر نذیر جان نے کہا کہ ہماری پارٹی کے اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم کراچی کی تمام نشستوں پر انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کریں گے۔ اور کراچی کے حلقہ این اے 249 سے مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے حق میں بیٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے لئے عوام کی حاکمیت اور جمہوریت اہم ہے ، موجودہ حالات میں تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کی ضرورت ہے۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات