پیپلز پارٹی الزا م تراشی کی بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کی پالیسی ایک جیسی ہے

بلاول بھٹو زرداری کا چنیوٹ سے فیصل آباد کے دوران مختلف مقامات پر ریلیوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت

جمعہ 20 جولائی 2018 23:47

پیپلز پارٹی الزا م تراشی کی بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،مسلم ..
چنیوٹ/فیصل آباد ۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت الزام تراشی کی بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے جبکہ اس کے بر عکس مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کی پالیسی ایک جیسی ہے اس لئے ہم عوام کے تعاون سے پنجاب سے نظریاتی بحران کا خاتمہ کریں گے نیز عوام کے شاندار استقبال اور بھر پور پذیرائی نے ہمارے حوصلے مزید بلند کئے ہیں اس لئے بی بی کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے کیلئے ان کا مشن مکمل کیا جائے گا، علاوہ ازیں 25جولائی کا الیکشن ان کے سیاسی سفر کا آغاز ہے تاہم اگر انہیں اسی طرح عوامی پذیرائی ملتی رہی تو وہ عوام کو جلد گالم گلوچ اور ذاتی مفاد پرستی کی سیاست کرنے والوں سے نجات دلا دیں گے ،مزید برآں سازشوں کے ذریعے کسی کو وزیر اعظم نہیں بننے دیا جائے گا اوراداروںو سسٹم کی مضبوطی کیلئے جو ہماری سوچ سے اتفاق کرے گا الیکشن کے بعد ہم اس سے تعاون کا سوچ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعرات کی سہ پہر چنیوٹ سے فیصل آباد آمد کے دوران راستہ میں مختلف مقامات پرپی پی پی کے جیالوں اور شہریوں کی ریلیوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہا کہ پنجاب کے عوام نے جس طرح بی بی شہید کو ہمیشہ سر آنکھوں پر بٹھایا اسی طرح سیاسی کیریئر کے آغاز پر پنجاب کے غیور عوام نے جس طرح ان کا خیر مقدم کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وہ الزام تراشی کی بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ (ن)لیگ اور پی ٹی آئی اپنے اقتدار کی خاطر ایک ہی پالیسی پر گامزن ہیں جس نے پنجاب میں نظریاتی بحران کو جنم دیا ہے لیکن پیپلز پارٹی جلد اس بحران کا خاتمہ کرے گی۔انہوںنے کہا کہ ان کے پنجاب آنے سے پہلے کئی چہ میگوئیاں کی گئیں اور انہیں پنجاب کا دورہ کرنے سے بھی روکنے کیلئے اقدامات کئے گئے مگر انہوںنے عوام کی خاطر بھر پور انداز میں انتخابی عمل میں شرکت کا فیصلہ کیا۔

انہوںنے کہا کہ جب سے انہوںنے پنجاب میں ریلی شروع کی ہے عوام نے جگہ جگہ ان کا فقید المثال استقبال کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی نظریات اور عوامی مفاد کی بجائے ذاتی لڑائی میں مصروف ہے لہٰذا اس صورتحال میں عوام کے پاس صرف پی پی پی کا حقیقی آپشن ہی موجود ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب کے عوام اصولی و نظریاتی سیاست کو پسند کرتے ہیں جو صرف پی پی پی کا ہی خاصہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کا منشور اور مشن پسے ہوئے طبقات کی حالت بہتر بنانا ، عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا اور قائد عوام و دختر پاکستان کے روٹی ،کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامہ پہنانا ہے ۔انہوںنے کہا کہ انہوںنے دیگر سیاسی جماعتوں کی نسبت بہترین عوامی منشور دیا ہے اور ان کا عزم ہے کہ معاشرے کے نظر انداز شدہ طبقہ کو خوشحال بنا کر دم لیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ عوام گالی گلوچ اور الزامات کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ اداروں اور سسٹم کی مضبوطی وطن عزیز کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس پر ان کا پختہ یقین ہے نیز انتخابات کے بعد جو ان کے منشور اور ان کی سوچ سے اتفاق کرے گا وہ اس سے تعاون کا سوچ سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ لاڈلہ شفاف الیکشن سے خوفزدہ اور اس غلط فہمی کا شکار ہے کہ اسے پس پردہ سازشوں کے نتیجہ میں وزیر اعظم بنایا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ زمینی حقائق اور حقیقی انتخابی نتائج کے برعکس جو کٹھ پتلی اتحاد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتے اور نہ ہی عوام الیکشن میں ایسے کسی اتحاد کو ووٹ دیں گے۔انہوںنے کہا کہ ان کا سفرصرف الیکشن تک ہی محدود نہیں بلکہ وہ الیکشن کے بعد بھی انتخابی نتائج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہر صوبہ میں جائیں گے اور وفاق کے استحکام سمیت صحت مند جمہوری روایا ت کے فرو غ کیلئے جدو جہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ بی بی شہید نے عوام کی خدمت ، فلاح اور خوشحالی کا جو خواب دیکھا تھا وہ اسے پورا کریں گے۔انہوںنے کہا کہ بے روز گاری کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہو گا ۔انہوںنے بعض کالعدم تنظیموں کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف لاڈلے کو کھل کر کھیلنے کا موقع دیا جا رہا ہے مگر دوسری طرف ہمارے لئے مختلف پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں لیکن عوام کسی ایسی پابندی کو نہیں مانیں گے جو ان کے جمہوری حقوق غصب کرنے کیلئے ہو۔

انہوںنے کہا کہ اب ملک مزید گالم گلوچ یا نفرت کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے مستقبل میں ملک کو کسی قسم کے نقصان سے بچانے کیلئے عوام کو اپنی خواہش کے مطابق الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے کیونکہ بہترین منصف اور محتسب عوام ہی ہیں۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ پی پی پی تمام سازشوں کو شکست دیتے ہوئے 25جولائی کے عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ چونکہ یہ ان کا پہلا الیکشن ہے اس لئے ان کی کوشش ہے کہ وہ بی بی شہید کے مشن پرکاربند رہتے ہوئے اپنے نظریے اور عوام دوست پالیسی کو سیاست میں ترجیح دیں۔اس موقع پر فرحت اللہ بابر ، حسن مرتضیٰ اور دیگر اہم صوبائی ، ڈویژنل و ضلعی قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔چنیوٹ سے سڑک کے راستے فیصل آباد آتے ہوئے مختلف مقامات پر عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔