Live Updates

وعدہ کرتا ہوں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھائیں گے، عمران خان

ن لیگ نے کسانوں کا معاشی قتل کیا اور شریفوں نے میٹرو مال بنانے کے لیے بنائی، جو اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتا وہ کرپشن نہیں روک سکتا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اپنی باریوں میں کرپشن نہیں روک سکے تو اب کیا کر لیں گے ،ْ جلسہ سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 23:49

وعدہ کرتا ہوں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھائیں گے، عمران ..
بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھائیں گے۔بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کے ساتھ وہ کیا گیا جو دشمن بھی نہیں کرتا۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف حکمرانوں کے بچوں کا رہن سہن دیکھیں اور دوسری طرف عوام کی بڑی تعداد غربت کی لکیر کے نیچے رہ رہے ہیں اس لیے جو 25 جولائی کو ووٹ نہیں دے گا وہ خود غرضی کی زندگی گزار رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو حکومت بھی جاتی ہے وہ دو چیزیں چھوڑ کر جاتی ہے، ایک خالی خزانہ اور دوسرا مولانا فضل الرحمان۔انہوں نے کہا کہ یہاں 90 فیصد ٹیکس عوام سے لیا جاتا ہے لیکن عوام کا پیسہ چوری ہونے کی وجہ سے عوام پر ٹیکس میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ملک پر عائد قرضہ عوام کو ادا کرنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 10 سال پہلے ڈالر 60 روپے کا تھا جو آج 130 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف خاندان نے میٹرو مال بنانے کے لیے بنائی، ملتان میٹرو پر 60 ارب روپے خرچ ہوئے لیکن وہاں خالی بسیں چلتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ جو اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتا وہ کرپشن نہیں روک سکتا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اپنی باریوں میں کرپشن نہیں روک سکے تو اب کیا کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں پولیس کا محکمہ ٹھیک کیا، آج خیبرپختونخوا کی پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے، وعدہ کرتا ہوں پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکال کر دکھائیں گے۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ نے 5 سال میں کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے لیکن ہم کاشت کاروں کو پیسے نہ دینے والی ملوں کو بلیک لسٹ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ آج پانی کی کمی سمیت کسان ہر قسم کی مشکلات کا شکار ہے لیکن ہمارے منشور میں کسانوں کے لیے خصوصی پیکج ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات