سانحہ مستونگ میں قیمتی جانوںکا ضیاع افسوسناک ہے ، قوم اس غم کی گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلم مانڈوی والا کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات چیت

جمعہ 20 جولائی 2018 23:50

کوئٹہ۔20جولا ئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے جمعہ کے روز ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی، ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے مستونگ میں پیش آنے والے سانحہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا افغانستان کے ساتھ طویل سرحد ہے جس پر باڑ لگانے کا کام شروع ہوچکا ہے جو تین سال کے عرصے میں مکمل ہوگا جس کی تکمیل سے سرحدپار سے آنے والے دہشت گردوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان دشمن ملک بھارت افغانستان کی زمین اپنے ناپاک عزائم کے لئے استعمال کررہا ہے جس کا مقصد بلوچستان میں افراتفری پھیلا کر عام انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں ترقیاتی عمل کو روکنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم متحد ہے اور پاکستان کے دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک اور سابق صوبائی وزیرمحترمہ غزالہ گولہ بھی موجود تھے ۔