علمائے اکرام مجلس عمل کے نمائندوں کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کریں‘ اویس نورانی

ہفتہ جولائی 00:40

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ترجمان شاہ اویس نورانی نے کہا ہے کہ علمائے اکرام مجلس عمل کے نمائندوں کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کریں اور25جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگوائیں۔ وہ حیدرآباد میں جے یو پی ضلع حیدرآباد کے ذمہ داران اور اہلِ سنت والجماعت کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس سے قومی اسمبلی حلقہ227کے امیدوار کرامت راجپوت جے یو پی حیدرآباد کے صدر حاجی معین قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر تاجروں کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسئلہ کا حل نظام ِ مصطفی ﷺ کا نفاذ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صرافہ بازار یونین کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آنے والا وقت نظام مصطفی ﷺ کے چاہنے والوں کا وقت ہے اب لوگوں کو اچھے برے کی سمجھ آگئی ہے 25 جولائی کو عوام کتاب پر مہر لگا کر اُمید واروں کو کامیاب بنائیں ، انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ وہ کے پی کے میں کرپشن نہیں روک سکے ایک ارب درخت لگانے کے نام پر پیسہ کمایا گیا انہوں نے کہاکہ ناچ گانا اگر تبدیلی ہے تو ایسی تبدیلی کو ہم نہیں مانتے بعد ازاں ایک ریلی بھی نکالی گئی ریلی کے اختتام پر شاہ اویس نورانی نے مزار سید سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی پر نمازِ عصر ادا کی اور مزار پر حاضری دی اور دُعا کی اس موقع پر مرکز اہلسنت کے خطیب و امام حافظ زاہد حسین قادری ، حاجی معین الدین شیخ ، کرامت علی راجپوت ، عبدالوحید قریشی ، ابراہیم شیخ ، شریف نورانی ، آصف شیخ ، عارف نورانی اور دیگر بھی شریک تھے۔

/م ش ش