جگہ جگہ جاکر اپنا منشور بتا رہا ہوں‘ تیر بہادوں‘ وفاداروں اور شہیدوں کا نشان ہے‘ 25 جولائی کو عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کو کامیاب کروائیں گے

بلاول بھٹو کا لیاری میں ریلی سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 02:40

جگہ جگہ جاکر اپنا منشور بتا رہا ہوں‘ تیر بہادوں‘ وفاداروں اور شہیدوں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جگہ جگہ جاکر اپنا منشور بتا رہا ہوں‘ تیر بہادوں‘ وفاداروں اور شہیدوں کا نشان ہے‘ 25 جولائی کو عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کو کامیاب کروائیں گے۔ جمعہ کو لیاری میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کا شہید بی بی کے ساتھ جو رشتہ تھا وہ قائم کرنا ہے‘ میرا آپ سے وفاداری اور قربانی کا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ملک سے نفرت کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں‘ پاکستان کے عوام گالم گلوچ نہیں سُننا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بھوک مٹاؤ ہمارا منشور ہے‘ غریب عورتوں کو بلاسود قرضے دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان میں پانی کا سنگین مسئلہ ہے‘ حکومت میں آکر پانی کے مسئلہ کو حل کریں گے‘ ہم نے چھوٹے ڈیمز بنائے ہیں‘ اگر سمندر کے پانی کو میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں اپنی سیاست کا آغاز کر رہا ہوں‘ میں شہید بے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کرنے کیلئے نکلا ہوں‘ میری جدوجہد ایک دن کی نہیں ہے ‘ یہ صرف ایک الیکشن کی بات نہیں‘ یہ میری پوری زندگی کا کام ہوگا‘ میں تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک شہید بے نظیر کے مشن کو پورا نہیں کروں‘ اس مشن کو مکمل کرنے کیلئے آپ کا ساتھ ضروری ہے۔

اگر آپ میرے ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت بھی مجھے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے قربانی دی‘ لیاری کے عوام جمہوریت پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے غریب عوام کے لیے کام کیا‘ حکومت ملی تو غریبوں کیلئے فوڈ سٹور کھولیں گے‘ ہماری حکومت نے صحت کی سہولتیں فراہم کیں‘ پیپلزپارٹی نے غریب عوام کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا‘ اقتدار میں آکر لوگوں کو روزگار فراہم کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ لیاری سے اس لیے الیکشن لڑ رہا ہوں تاکہ خدمت کر سکوں‘ اگر ملک میں جمہوریت ہے تو لیاری والوں کے خون کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست ہو رہی ہے‘ نوجوان نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست کو مسترد کردیں‘ نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست ملک کیلئے ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں ملے گا اور عوام بلے والوں کو بھی مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر کا وعدہ نبھانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔