بھارت اپنی سات لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر سے نکالے اور کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے،

مسئلہ کشمیر کے متعلق بین الاقوامی برادری کودہرا معیار ختم کرنا چاہئے، مقبوضہ کشمیر کی نوجوان قیادت حصول آزادی کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے ، کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، مقبوضہ کشمیرسے روزانہ ’’بھارتیو، واپس جائو‘‘ کے نعرے بلند ہوتے ہیں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کا ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ’’ کشمیر حق خودارادیت کانفرنس‘‘سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 07:10

لاہور۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) بھارت مقبوضہ کشمیرمیں موجود اپنی سات لاکھ فوج کو فوراً مقبوضہ وادی سے نکالے اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا سلسلہ بند کرے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیشن قائم کیا جائے جو حقائق دنیا کے سامنے پیش کرے، مسئلہ کشمیر کے متعلق بین الاقوامی برادری کودہرا معیار ختم کرنا چاہئے، مقبوضہ کشمیر کی نوجوان قیادت حصول آزادی کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنی منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے، کشمیر کسی طرح بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، مقبوضہ کشمیرسے روزانہ ’’بھارتیو، واپس جائو‘‘ کے نعرے بلند ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں منعقدہ ’’ کشمیر حق خودارادیت کانفرنس‘‘کے دوران خطاب میں کیا۔ ، اس موقع پر تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، ممتاز ماہر قانون چیف جسٹس (ر) خلیل الرحمن ،ممتاز صحافی و دانشور مجیب الرحمن شامی، سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز افتخار علی ملک، جسٹس (ر) شریف حسین بخاری، صدر نظریہٴ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے،صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعودخان نے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی منزل جلد پا لیں گے، حق خودارادیت تمام حقوق کا منبع اور ماخذ ہے، یہ تمام بین الاقوامی قوانین اور چارٹر کا حصہ ہے ، دنیا کا کوئی قانون آپ کو اس حق سے محروم نہیں کر سکتا ہے، 1947ء میں پاکستان اور بھارت میں رہنے والے لوگوں کو حق خودارادیت مل گیا لیکن اہل کشمیر اس سے محروم رہے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ 19جولائی کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے اور قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ قبل اس دن کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ یہ اہل کشمیر کا پاکستان کے ساتھ تاریخی عہد تھا اور ہم سب اس عہد کے محافظ ہیں۔ مذہبی، جغرافیائی ، تاریخی غرضیکہ ہر لحاظ سے پاکستان اور کشمیر کے عوام ایکدوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

یہ دونوں اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہیں جن کو بھلایا نہیں جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہ ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیری مظلوم ،محکوم، مجبور اور محصور ہیں ۔ دنیا میں سب سے زیادہ مظالم کشمیریوں پر ڈھائے جا رہے ہیں جبکہ کشمیری دنیا کے سب سے زیادہ غیر مسلح لوگ ہیں۔ ان کے اوپر سات لاکھ جدید اسلحہ سے لیس فوج مظالم ڈھا رہی ہے۔

کشمیریوں کے گھروں کو مسمار ، نوجوانوں کو شہید ، عورتوں کی آبروریزی کی جا رہی ہے جبکہ اجتماعی قبروں کے انکشافات بھی ہو رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت طاقت کا بے تحاشہ اور بے محابا استعمال کر رہا ہے۔ آج کشمیریوں کو ان کے اپنے وطن میں غیر ملکی بنا دیا گیا ہے۔ یہ محض انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نہیں بلکہ جنگی جرائم اور انسانیت کیخلاف سنگین جرائم ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کمیشن کی حالیہ رپورٹ بڑی اہمیت کی حامل ہے ، اقوام متحدہ نے طویل عرصہ خاموش رہنے کے بعد جرأت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس رپورٹ کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جتنی تشہیر ہونی چاہئے تھی وہ نہیں ہوئی۔ ہم سب کو اس رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کشمیر کے حوالے سے بھارت کی پالیسی یہ ہے کہ کشمیریوں کو اتنا مارو اور ان پر اتنا ظلم وستم کرو کہ وہ ڈر جائیں اور بھارت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں،بھارت وہاں موجود حریت قیادت سے کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا خواہاں ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کی پالیسی یہ ہے کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا ،کشمیری بھارتی مظالم کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر سیاسی، سفارتی اور مذاکرات کے ذریعے جمہوری طریقے سے ہی حل ہو گا۔ پاکستان کبھی اپنی پالیسی سے دستبردار نہیں ہوا اور یہ نوشتہ دیوار ہے کہ وہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیری سنگینوں کے سائے تلے بھی پاکستان کا پرچم بلند کر رہے ہیں ۔

کشمیری کی فضائیں پاکستان کے ترانوں اور ’’ہم کیا چاہتے ہیں ، آزادی‘‘، ’’آزادی کا مطلب کیا ۔ لا الہ الا الاللہ‘‘ اور’’ پاکستان سے رشتہ کیا ۔ لا الہ الا اللہ‘‘ کے نعروں سے گونج رہی ہیں ۔ کشمیری آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں اور اب یہ اہل پاکستان کا فرض ہے کہ وہ ان کی آواز بنیں ۔ پاکستان اور کشمیر کی عوام تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا آزادکشمیر پاکستان کیلئے دفاعی لائن کی حیثیت رکھتا ہے، آزاد کشمیر نہ ہوتا تو بھارت کی فوجیں کوہالہ پل پر بھی تعینات ہونا تھیں۔ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام سات لاکھ بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں ،اگر وہ ایسا نہ کرتے تو یہ سات لاکھ فوج سرحدوں پر ہوتی اور بھارت کو مزید شہہ ملتی۔ پاکستان کا اپنا حق خودارادیت اور ریاستی تشخص اس وقت تک نامکمل ہے جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔

کشمیری دہشتگرد نہیں پر امن قوم ہیں بھارت وہاں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔ کشمیر کسی طرح بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے ، اگر ایسا ہوتا تو سری نگر کے لال چوک سے روزانہ ’’بھارتیو، واپس جائو‘‘ کے نعرے بلند نہ ہوتے۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر دوطرفہ نہیں بلکہ سہ فریقی مسئلہ ہے اور پاکستان ، بھارت اور کشمیری اس مسئلہ کے بنیادی فریق ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ لفظ پاکستان میں ک سے مراد کشمیر ہے اور جب تک ک نہ ہو پاکستان مکمل نہیں ہوتا ۔چیف جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں ہے۔ نئی نسل کو یہ پیغام دیا جائے کہ پاکستان کی تکمیل کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیں اپنی شہ رگ بھارت کے قبضہ سے آزاد کروانی ہے۔

مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔کشمیری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ شاہد رشید نے کہا کہ کشمیر کی فضائیں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعروں سے گونج رہی ہیں ۔