بہت جلد 17 لاکھ شامی مہاجرین گھروں کو لوٹ جائیں گے، روس کا دعویٰ

شامی پناہ گزینوں کی گھروں کو واپسی کے لیے تفصیلی تجاویز امریکہ کو ارسال کردی ہیں،روسی وزارت دفاع کا بیان

ہفتہ 21 جولائی 2018 11:50

بہت جلد 17 لاکھ شامی مہاجرین گھروں کو لوٹ جائیں گے، روس کا دعویٰ
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) رٴْوسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت شام میں لڑائی کے دوران نقل مکانی کرنے والے شہریوں کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کے پروگرام پرکام کررہی ہے۔ عن قریب سترہ لاکھ شامی مہاجرین اپنے آبائی علاقوں کولوٹ سکیں گے۔ عرب ٹی وی کے مطابق وزارت دفاع نے گزشتہ روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہاکہ شامی مہاجرین کی علاقوں کو واپسی کے بارے میں تفصیلی معلومات اور تجاویز امریکا کو بھی مہیا کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

روسی وزارت اطلاعات نے وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ماسکو نے شامی پناہ گزینوں کی گھروں کو واپسی کے لیے تفصیلی تجاویز واشنگٹن کو ارسال کردی ہیں۔ ان پناہ گزینوں کی واپسی کے حوالے سے حال ہی میں صدر ولادی میر پوتین اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اتفاق رائے کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ امریکی اور روسی صدور نے گذشتہ سوموار کو فن لیںڈ کے صدر مقام ھلسنکی میں ملاقات کی تھی تاہم ان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شام کے بارے میں کسی اتفاق رائے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم روسی وزرات دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا کی کوششوں سے عن قریب سترہ لاکھ شامی شہریوں کو گھروں کو واپس بھیجا جائے گا۔