بھارت کشمیریوں کیخلاف اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوچکا ہے،میر واعظ عمر فاروق

بھارتی فورسزکی کشمیریوں کیخلاف جاری کارروائیوںکا مقصد انکے اندر خوف و ہراس پید ا کرنا ہے لیکن کشمیر ی حق خود اردیت کے حصول کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے،بیان

ہفتہ 21 جولائی 2018 13:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت کشمیری حریت قیادت اور عام کشمیریوں کو چھاپوں اور گرفتار یوں کے ذریعے خوفزدہ کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگرسے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز اور مختلف بھارتی اداروں کی طرف سے کشمیری حریت رہنمائوں، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے خلاف جاری کارروائیوںکا مقصد انکے اندر خوف و ہراس پید ا کرنا ہے لیکن یہ بات ہر ایک پر واضح ہونی چاہیے کہ نہ تو کشمیری حریت قیادت اور نہ ہی کشمیری عوام جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے آگے جھکیں گے اور وہ حق خود اردیت کے حصول کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو چکا ہے اور جلد یا بدیر اسے تنازعہ کشمیر حل کرنا پڑے گا۔ حریت فورم کے چیئرمین نے کہا کہ بھارت یہ بات سمجھ لے کہ کشمیری سیاسی طور پرانتہائی بالغ اور حساس لوگ ہیںجنہوںنے گزشتہ ستر بر س کے دوران بہت کچھ سہا ہے۔میر واعظ نے کہا کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میںکشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت انتہائی خراب ہے کیونکہ انہیں جرائم پیشہ قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے جس کے باعث انکی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوںنے کہا کہ طبی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے نظر بندوں کی صحت انتہائی گر چکی ہے۔ میر واعظ نے شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی ، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، ایاز اکبر، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر آزادی پسند رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کے عزم و ہمت کو سراہا۔