بھارت کشمیر میں کھلی دہشت گردی کر رہا ہے،یاسین ملک

انٹرنیشنل ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں،بیان

ہفتہ 21 جولائی 2018 13:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے بھر میں محاصروں کے نام پر قصبو ں اور دیہات کے گھیرائو، املاک کی لوٹ مار اور تباہی کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ محاصروں اور گھرگھر چھاپوں کے دوران مکینوں کی بلالحاظ عمر وجنس مارپیٹ، گھریوں اشیا کی توڑ پھوڑ، گاڑیوں، فصلوں اور میوہ باغات کی تباہی نوآبادیاتی بھارتی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے پلوامہ،شوپیان،کولگام،اسلام آباد،بانڈی پورہ، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران جس بہیمانہ طریقے سے کشمیریوںکو اپنی چیرہ دستیوں کا نشانہ بنایا وہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بھارت جموںوکشمیر کو اپنی مفتوحہ کالونی سے زیادہ کچھ نہیں سمجھتا ۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیری خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک گردانے والے بھارت کے ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن کوئی انکی آہ و بکا کی طرف متوجہ نہیں ہورہا ۔

محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ نے گو کہ کشمیریوں کے اندر نئی امیدیں جگائی ہیں لیکن بھارتی ظلم و جبر کو روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انٹرنیشنل ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ نظر بندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔