Live Updates

آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہے ، اراکین ایوان بالا

ہفتہ 21 جولائی 2018 14:22

آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) ایوان بالا کے اراکین نے کہا ہے کہ آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہے‘ الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے تحفظات دور کرنے چاہئیں۔ ہفتہ کو ایوان بالا میں ملک میں موجودہ امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے قائد حزب اختلاف شیری رحمن نے کہا کہ انتخابات کی ساکھ ملکی ساکھ کے لئے اہم ہے۔

اعجاز الحق کے حلقے میں ان سے کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں ہوا۔ ہم انتہا پسندانہ سوچ کے مخالف ہیں۔۔ مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن میں کھڑی ہیں۔ ہمارا بھی کام ہے کہ ہم پاکستان کا دفاع کریں۔ پیپلز پارٹی کو بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جلسہ کی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

انتخابات کے روز انٹرنیٹ کا استعمال اہم ہے کیونکہ نتائج ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔

بلوچستان کے چھ اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے جو 31 تک بند رہے گی۔ ایسی صورت میں کیسے شفاف انتخابات ہوں گے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ اجلاس صرف ایک جماعت کے لئے بلایا گیا ہے۔ ہم مسلم لیگ (ن) کے آزادانہ انتخابات کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہیں۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ وزیر داخلہ آج بھی نہیں آئے‘ ملک کے مختلف علاقوں میں خودکش حملے ہو رہے ہیں اور امیدواروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پیپلز پارٹی کو پنجاب میں انتخابی مہم سے روکا گیا۔ مسلح افواج کی پولنگ سٹیشنوں پر تعیناتی کا واضح ضابطہ اخلاق سامنے آنا چاہیے۔ بتایا جائے کہ الیکشن کمیشن نے کس رینک کے فوجی اہلکار کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے ہیں، ۔ نگران حکومت کا کام آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا ہے۔ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اس سے منصفانہ اور شفاف انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں۔

سینیٹر اسد جونیجو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات کے متنازعہ ہونے بارے تاثر کو دور کرے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے خلاف مقدمات قابل مذمت ہیں۔ دو ماہ میں ڈالر 131 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ سینیٹر ستارہ ایاز نے کہا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

سیکیورٹی صورتحال روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ 25 جولائی اہم دن ہے۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے باہر نکلنا چاہیے۔ ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ ایک جماعت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں نشاندہی کر رہی ہیں کہ آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات ہو رہے ہیں۔ انتخابات کے حوالے سے بلوچستان میں صورتحال خراب ہے۔ چھ اضلاع میں انٹرنیٹ بند کردیا گیا ہے جس سے انتخابی مہم متاثر ہو رہی ہے۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی چاہتی ہے کہ آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں۔ غیر جانبدار نگران حکومت پر اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں جس کے جوابات ملنے چاہئیں۔ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ خطرناک ہے۔ سابق حکومت کی پالیسیوں کے باعث معیشت خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔ اداروں پر تنقید فیشن بن گیا۔ ملک کی اندرونی اور بیرونی سرحدوں کے محافظوں پر الزام تراشی نہ کی جائے۔

سینیٹر نقیب اللہ بازئی نے کہا کہ ہم وہی کام کر رہے ہیں جو دشمن ممالک اور ادارے چاہتے ہیں کہ پاکستان میں آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات نہ ہوں۔ ہمیں اپنے خدشات ظاہر کرنے چاہئییں لیکن بلاوجہ الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے۔ بلوچستان میں امن و امان میں مسلح افواج کا اہم کردار ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اسلام آباد سے امیدوار انجم عقیل خان کو انتخابات سے چار دن پہلے نوٹس موصول ہوگیا ہے۔

حنیف عباسی جیتنے والے امیدوار ہیں لیکن ان کے خلاف سات سال سے جاری کیس کا فیصلہ سنایا جارہا ہے۔۔۔ سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے نگران حکومت تشکیل دی گئی۔ ان سے توقعات تھیں کہ وہ قانون پر عملداری کو یقینی بنائیں گے ۔ نواز شریف کے استقبال کے لئے لاہور میں پرامن طور پر لوگ نکلے لیکن نگران حکومت نے ان کے خلاف سخت کریک ڈائون کیا۔

چادر اور چاردیواری کی توہین کرکے لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ ہمارے کارکنوں کو لاہور جانے سے روکا گیا۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے وطن واپسی پر ناروا سلوک کیا گیا۔ جیل میں بھی ان سے ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ میرے خلاف پہلے بھی مقدمات درج کئے گئے ‘ اس نگران حکومت نے بھی میرے خلاف مقدمہ درج کیا۔ لوگوں میں غصہ اور نفرت پیدا ہوئی اور ہمارے ساتھ ہمدردی پیدا ہوئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات