رواں بارشوں کے ترشاوہ باغات پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، ماہر ین

ہفتہ 21 جولائی 2018 14:46

فیصل آباد۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) ماہر ین ترشاوہ باغات نے کہاہے کہ رواں بارشوں کے ترشاوہ باغات پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں کیونکہ باغات اور ان پر لگا ہو اپھل آج کل اپنی نشوونما کے مختلف مراحل سے گزررہا ہے لہٰذا اس موقع پر ان کی کامیاب نشوونما کے لیے پانی کی ضروریات کو پورا کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ بارشوں کا پانی ٹیوب ویل کے پانی کی نسبت زیادہ مفید ہوتا ہے جو جڑوں کے ذریعے سے جذب ہوکر زمینی خوراکی اجزاء پودے کے دیگر حصوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ بارشوں سے پودوں کے پتے صاف ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں ضیائی تالیف کا عمل بہتر ہوجاتاہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہوں اور نشیبی علاقوں سے پانی کا نکاس بروقت نہ ہوسکے تو ترشاوہ باغات کو سخت نقصان پہنچتا ہے کیونکہ اگر یہ فالتوپانی پودوں کے گھیرے میں 24گھنٹے سے زائد وقت کے لیے کھڑا رہ جائے تو جڑوں میں ہوا کا گزر نہیں ہوتا اور یہ گلنے سڑنے لگتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :