زمبابوے اور پاکستان کی ٹیمیں آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کل آمنے سامنے ہوں گی، گرین شرٹس نے سیریز میں وائٹ واش پر نظریں جما لیں، میزبان ٹیم شکستوں کے داغ دھونے کی خواہاں

ہفتہ 21 جولائی 2018 14:46

بلاوائیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ کل اتوار کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو 201 رنز، دوسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں، تیسرے ون ڈے میں 9 وکٹوں جبکہ چوتھے ون ڈے میں 244 رنز سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

مسلسل فتوحات کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ آخری ون ڈے میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے میچ جیت کر میزبان ٹیم کو سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کرنے کیلئے پر عزم دکھائی دے رہے ہیں تو دوسری جانب میزبان ٹیم اپنی ہی سرزمین پر فتح کو ترس گئی، زمبابوین ٹیم کو پہلے سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں متواتر چار شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بعدازاں پاکستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز کے ابتدائی چار میچز میں اسے شکست فاش سے دوچار کیا، میزبان ٹیم آخری میچ جیت کر شکستوں کے داغ دھونے کی خواہاں ہے، گرین شرٹس کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری میچ میں بھی اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :