چین‘متحدہ عرب امارات کے مابین 13معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:07

چین‘متحدہ عرب امارات کے مابین 13معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط
بیجنگ\ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) چین اور ابو ظہبی کے درمیان 13معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط طے پا گئے ہیں‘یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے کیلئے اٹھایا گیا‘یہ معاہدے توانائی‘ای کامرس‘زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں کیے گئے‘علاوہ ازیں چین کا سلک روڈ انیشی ایٹو بھی معاہدوں کا ایک حصہ ہے۔

ہفتہ کو چینی صدر شی جن پنگ کے 3روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی پہنچنے پر امارات کی خاتون وزیر مملکت برائے نوجواناں شما المزروعی نے چینی زبان میں معزز مہمان کو خوش آمدید کہا،چینی صدر کے ہمراہ خاتون اوّل لیڈی پنگ لی یوآن اور اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی یو اے ای کے دورے پر آیا ہے‘یو اے ای کے نائب صدر،وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم،ابو ظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ہوائی اڈے پر معزز مہمان اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

بعد زاں چینی صدر شی جن پنگ اور متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے درمیان ملاقات ہوئی‘جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت تجارتی معاہدوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘اس موقع پر چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اور اطوظہبی کے درمیان تعلقات مستحکم ہیں اور ہم متحدہ عرب امارات کیساتھ تجارت کے شعبوں میں مزید پیشرفت چاہتے ہیں۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عرب امارات کی خاتون وزیر مملکت برائے نوجواناں شما المزروعی نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین 13معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط طے پا گئے ہیں‘یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے کیلئے اٹھایا گیا‘یہ معاہدے توانائی‘ای کامرس‘زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں کیے گئے‘علاوہ ازیں چین کا سلک روڈ انیشی ایٹو بھی معاہدوں کا ایک حصہ ہے۔